پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کی جانب سے پارٹی صدارت سے استعفیٰ دیے جانے کے بعد پیپلز پارٹی پالیمنٹرین آصف زرداری کی ہمشیرہ، رکن صوبائی اسمبلی فریال تالپر کو پارٹی کا نیا صدر منتخب کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ 18 اپریل کو صدر پاکستان آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اپنا پہلا خطاب کیا تھا جس پر پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے ان کے خطاب کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔
عمر ایوب نے کہا تھا کہ آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کی سربراہی سے استعفیٰ نہیں دیا، وہ صدر کے عہدے پر غیر آئینی طور پر تعینات ہیں۔
واضح رہے کہ آصف علی زرداری مارچ 2024 میں دوسری مرتبہ پاکستان کے 14 ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔
وہ اس سے قبل 2008 سے 2013 تک بھی ملک کے صدر رہ چکے ہیں۔ ان کے پچھلے دور صدارت میں 18 ویں آئینی ترمیم منظور کی گئی تھی، جس کے تحت صدر کو حاصل زیادہ تر اختیارات وزیر اعظم اور پارلیمان کو منتقل کر دیے گئے تھے۔