Site icon News Intervention

ڈونلڈ ٹرمپ پر ریلی کے دوران فائرنگ، سابق صدر زخمی، مبینہ حملہ آور ہلاک

امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ میں ریلی میں موجود ایک اور شخص بھی ہلاک اور ایک شدید زخمی بھی ہوا، ڈونلڈ ٹرمپ ٹھیک ہیں اوران کا مقامی طبی مرکز میں چیک اپ کرلیا گیا ہے۔

ری پبلکن رہنما ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے جہاں انہیں اپنے نائب صدر کے امیدوار کا اعلان کرنا تھا، فائرنگ کی زوردار آوازوں کے ساتھ ہی ریلی میں بھگدڑ مچ گئی جبکہ سابق صدر اسٹیج پر گر گئے، جنہیں سیکرٹ سروس
کے ایجنٹوں نے فوری طور پر اپنے حصار میں لے لیا اور محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ سیکرٹ سروس کے حصار کے دوران بھی عوام کو دیکھ کر بار بار مُکہ لہراتے رہے۔

امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ریلی میں فائرنگ کے واقعے میں سابق امریکی صدر معمولی زخمی ہوئے ہیں ،ان کے کان پر خون کے نشانات دیکھے گئے ہیں تاہم یہ زخم کس نوعیت کے ہیں اورکس وجہ سے ہوئے یہ واضح نہیں ہوسکا جبکہ ٹرمپ پرفائرنگ کرنے والے حملہ آور کو مار دیا گیا ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی میں قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ حملے میں محفوظ رہے یہ جان کرخوشی ہوئی، اس طرح کے تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر جو بائیڈن، جو اپنی آبائی ریاست ڈیلاویئر میں ہیں انہیں اس واقعہ کی ابتدائی بریفنگ دے دی گئی ہے۔

Exit mobile version