الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق عمان کے دارالحکومت مسقط میں عزاداری کی مجلس پر حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کرلی، جس میں 4 پاکستانیوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
عمان کے علاقے وادی الکبیر کی امام علی مسجد میں مسلح افراد نے مجلس پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں 30 افراد زخمی بھی ہوئے۔
داعش کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹ ’ٹیلیگرام‘ پر ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں کہا گیا کہ داعش کے 3 خود کش بمباروں نے مجلس پر حملہ کیا اور صبح تک ان کا سیکیورٹی حکام سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔
عمان پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایاگیا کہ پولیس نے جوابی کارروائی میں تینوں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، اس دوران ایک پولیس اہلکار بھی مارا گیا۔
تاہم پولیس کی جانب سے دہشتگردوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور نہ ہی ان کے حملے کا مقصد بتایا گیا ہے۔
دوسری جانب، پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے مسقط میں عزاداری کی مجلس پر ہونے والے حملے میں 4 پاکستانی ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی، ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ میں چار پاکستانی ہلاک اور 13 زخمی ہوئے جن کا ہسپتال میں علاج جاری ہے۔