خاران شہر میں یکے بعد دیگرے پانچ دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس سے پورا شہر دھماکوں سے گونج اٹھا۔
ذرائع کے مطابق دھماکوں کا ہدف خاران شہر کے وسط میں ریڈ زون سیکرٹریٹ روڈ پر پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی اور ایم آئی کے دفاتر تھے۔
واضح رہے کہ خاران کے حساس ترین مقام پر آئی ایس آئی اور ایم آئی کے دفاتر واقع ہیں۔ دونوں دفاتر کا ایک حصہ ایف سی کیمپ کے احاطے میں واقع ہے۔
ریڈ زون میں واقعہ مذکورہ بالا دفاتر کو پہلے بھی ایسے ہی حملوں میں نشانہ بنایا جا چکا ہے، جن کی ذمہ داری آزادی پسند بلوچ مسلح تنظیموں نے قبول کی ہے۔
بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان آزاد بلوچ نے میڈیا کو بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے سرمچاروں نے خاران شہر میں سیکرٹریٹ روڈ پر واقع پاکستانی خفیہ اداروں آئی ایس آئی و ایم آئی کے دفاتر پر یکے بعد دیگرے پانچ بم حملے کیے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ بم دھماکوں کے نتیجے میں دفاتر میں موجود خفیہ اداروں کے اہلکاروں کو جانی نقصان ہوا۔
آزاد بلوچ نے آخر میں کہا ہے کہ اس حملے کی ذمہ داری ہماری تنظیم بلوچ لبریشن آرمی قبول کرتی ہے۔