Site icon News Intervention

ہندوستان کے معروف صحافی ونود دُوا انتقال کرگئے

فوٹو : فیس بک

ہندوستان کے معروف صحافی اور تجزیہ کار ونود دُوا طویل علالت کے بعد ہفتے کی شام نئی دہلی میں انتقال کر گئے، اُن کی عمر 67 برس تھی۔

ان کی بیٹی اور مشہور کامیڈین ملیکا دُوا نے بتایا کہ ان کے والد کو جگر میں انفیکشن کی وجہ سے چند روز قبل اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ وہ پانچ روز تک نئی دہلی کے اپولو اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں داخل تھے۔ ملیکا نے جمعرات کو کہا تھا ‘میرے والد ٹھیک نہیں ہیں ‘۔ پھر انہوں نے ہی ہفتے کی شام کو اُن کے انتقال کا اعلان کر دیا۔

ملیکا نے اپنے انسٹاگرام پر لکھا ”ہمارے نڈر اور غیر معمولی والد ونود دُوا کا انتقال ہو گیا ہے۔ انہوں نے ایک منفرد زندگی گزاری۔ دہلی کی مہاجر کالونی سے اپنی زندگی کی شروع کرنے والے 42 برس تک صحافت کے عروج پر پہنچ کر ہمیشہ سچ کے ساتھ کھڑے رہے۔”

اس سے پہلے رواں برس جون میں ہی ونود دُوا کی اہلیہ ڈاکٹر پدما وتیجو بھی کرونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئی تھیں۔

ونود دُوا بھارت کے سرکاری ٹیلی ویژن دُور درشن اور ایک اہم نجی ٹیلی ویژن چینل این ڈی ٹی وی انڈیا سے کئی برس تک وابستہ رہے۔ این ڈی ٹی وی انڈیا کے شو ‘ذائقہ انڈیا کا’ نے عوامی حلقوں میں خاصی مقبولیت حاصل کی تھی۔

وہ گزشتہ چند برس سے ایک فری لانس صحافی کے طور پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے رہے۔ اُنہیں بھارت میں نڈر اور بے باک صحافت کا علم بردار سمجھا جاتا تھا۔

Exit mobile version