پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر مصدق ملک کا کہنا ہے کہ ہمارے دور میں گردشی قرض 1100 ارب کا تھا جو عمران خان کے دور حکومت میں 2400 ارب سے تجاوز کر گیا۔ ایک بیان میں مصدق ملک نے کہا کہ 2013 میں پاکستان میں ہر طرف لوڈشیڈنگ ہو رہی تھی، نواز شریف کی حکومت نے 12000 میگاواٹ اضافی بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جس کے بعد ملک میں بجلی کی پیداواری صلاحیت 35000 میگا واٹ تک پہنچ گئی تھی۔
مصدق ملک نے کہا کہ بدقسمتی ہے 2022 میں وہی اضافی 12000 میگاواٹ بجلی بند ہے، عمران حکومت نے 4 ڈالر کی ایل این جی نہیں خریدی، اب 22 سے 28 ڈالر کی ایل این جی خریدی جا رہی ہے، ایل این جی جن محکموں نے منگوانی تھی وہ نیب کے ڈر سے کسی کاغذ پر دستخط کرنے کو تیار نہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ان عوامل کی وجہ سے عوام کو آج مقدس مہینے میں لوڈشیڈنگ کے عذاب کا سامنا ہے، عمران خان کی نااہل حکومت لوڈشیڈنگ کی ذمہ دار ہے۔