تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان کا 93 رنز کا ہدف افغان ٹیم نے 18 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور یوں پہلی بار کسی انٹرنیشنل میچ میں گرین شرٹس کو شکست دی۔
شارجہ میں کھیلے گئے میچ میںپاکستانی ٹیم کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب نے محمد حارث کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تاہم 17 کے مجموعی اسکور پر حارث 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد عبداللہ شفیق بھی بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ صائم ایوب 17 رنز بنا کر نوین الحق کا شکار بنے جبکہ طیب طاہر 16 رنز پر راشد خان کو کیچ دے بیٹھے۔
جارح مزاج اعظم خان بھی بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہوئے اور یوں 41 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
اس کے بعد کپتان شاداب خان 12، فہیم اشرف اور نسیم شاہ 2، 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عماد وسیم 18 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔
قومی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بناسکی۔
افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی، مجیب الرحمان اور محمد نبی نے 2، 2 جبکہ عظمت اللہ، نوین اور راشد خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کے 93 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان کرکٹ ٹیم کی پہلی وکٹ ابراہیم زادران کی گری جسے احسان اللہ نے ڈیبیو میچ میں اپنی پہلی بال پر آؤٹ کیا۔ یوں وہ ڈیبیو میچ میں پہلی گیند پر وکٹ حاصل کرنے والے پاکستان کے دوسرے بولر بن گئے۔
احسان اللہ نے پہلے اوور کی ہی تیسری گیند پر گلبدین نائب کو بھی آؤٹ کردیا۔ اس کے بعد نسیم شاہ نے رحمان اللہ گرباز کی وکٹ حاصل کی اور عماد وسیم نے بھی کریم
جنت کو بولڈ کردیا۔
4 وکٹیں گرنے کے بعد محمد نبی اور نجیب اللہ زادران نے لڑکھڑاتی بیٹنگ کو سہارا دیا اور افغان ٹیم کو پاکستان کے خلاف فتح دلائی۔
افغان ٹیم نے 18 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا اور یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں افغانستان کی پاکستان کے خلاف پہلی فتح ہے۔ اس جیت کے بعد افغان ٹیم نے سریز میں 0-1 سے برتری حاصل کرلی ہے۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی 38 اور نجیب اللہ زادران 17 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ پاکستان کے احسان اللہ نے 2، نسیم شاہ اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔