Site icon News Intervention

فرانس: چارلی ہیبڈو کے دفاتر پر حملے کے الزام میں 4 پاکستانی گرفتار

فرانسیسی انتظامیہ نے ستمبر کے آخر میں جریدے چارلی ہیبڈو کے سابقہ دفاتر کے باہر چاقو سے حملے کے الزام میں گرفتار پاکستانی نژاد شخص سے تعلق کے شبے میں مزید 4 پاکستانی نڑاد افراد کو گرفتار کر لیا۔

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں میگزین ‘چارلی ہیبڈو’ کے سابقہ دفاتر کے باہر چاقو کے حملے میں 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی’ کے مطابق عدالتی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ‘پیر کے روز 4 افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں سے ایک پر بدھ کو دہشت گردی کی سازش کا الزام عائد کردیا گیا، جبکہ دیگر افراد کو جج کے سامنے پیش کیا جائے گا اور ان پر بھی باضابطہ الزام عائد کیے جانے کا امکان ہے’۔

ذرائع نے اخبار لے پاریسین کی رپورٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان افراد پر شبہ ہے کہ انہیں پہلے سے حملہ آور کے منصوبے کا علم تھا اور انہوں نے اسے اس پر اکسایا’۔

حملہ آور 25 سالہ ظہیر حسان محمود کو حملے کے بعد دہشت گردی کے الزام کے تحت گرفتار کرلیا گیا تھا اور وہ اب بھی زیر حراست ہے۔

ان گرفتاریوں کی خبر پیرس کی ایک عدالت کی جانب سے چارلی ہیبڈو کے دفاتر اور مارکیٹ پر جنوری 2015 میں حملہ کرنے والے افراد کے گروپ کے دیگر 14 ساتھیوں کو مالی معاونت اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک سے منسلک رہنے سمیت دیگر جرائم کا مرتکب قرار دینے کے دو روز بعد سامنے آئی ہے۔

چارلی ہیبڈو نے ستمبر میں ٹرائل کے آغاز پر دوبارہ گستاخانہ خاکے شائع کیے تھے۔

تین ہفتے بعد ایک پاکستانی شخص نے جریدے کے سابق دفاتر کے باہر حملہ کرکے 4 افراد کو زخمی کردیا تھا۔

16 اکتوبر کو ایک نوجوان چیچن مہاجر نے اپنے طلبا کو پیغمبر اسلام کے خاکے دکھانے والے ٹیچر سیموئل پیٹی کا سر قلم کردیا تھا۔

بعد ازاں 29 اکتوبر کو حال ہی میں یورپ آنے والے نوجوان تیونسی شخص نے نیس شہر کے گرجا گھر میں چاقو سے حملہ کرکے 3 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔

صدر ایمانوئیل میکرون کی حکومت نے شدت پسندی کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے قانون سازی متعارف کرائی تھی، جس پر متعدد مسلم ممالک نے غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔

Exit mobile version