اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے خیبرپختونخوا سے پنجاب اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بڑی تعداد میں جدید خودکاد اسلحہ پکڑ کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان اے این ایف کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ٹول پلازہ اٹک کے قریب دوران تلاشی ٹویوٹا ہائی ایس سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا۔
اے این ایف کے مطابق بر آمد کردہ اسلحے میں 10 کلاشنکوف، 2 شاٹ گن اور 5 عدد تیس بور پسٹل شامل ہیں، اس میں ایک بریٹا پسٹل، 33 کلاشنکوف میگزین اور شاٹ گن کے میگزین بھی برآمد کرلیے گئے۔
بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران گاڑی میں سوار ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم درہ آدم خیل سے پنجاب کے مختلف شہروں میں اسلحہ اسمگل کر رہا تھا۔
اینٹی نارکوٹکس فورس نے کہا کہ گرفتار ملزم کو اسلحے سمیت قانونی کارروائی کے لیے اٹک پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے، ضبط کیے گئے خودکار اسلحے کا دہشت گردی میں استمال خارج از امکان نہیں۔