Site icon News Intervention

سندھ: روہڑی میں سرسید ایکسپریس کو خطرناک حادثہ، 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

روہڑی اسٹیشن کے قریب سرسید ایکسپریس ٹرین حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے باعث ٹرین کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے پنجاب جانے والے 35 اپ سر سید ایکسپریس ٹرین کو حادثہ سکھر میں پیش آیا، جہاں ٹرین کی 4 بوگیاں پٹڑی سے اُتر گئیں تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریلوے حکام نے بتایا کہ حادثہ روہڑی ریلوےاسٹیشن سے ڈیڑھ کلو میٹر پہلے پیش آیا، حادثے کے بعد اپ ٹریک پر ٹرین سروس معطل ہوگئی۔

روہڑی ریلوے اسٹیشن کے ذرائع کے مطابق ٹرین روہڑی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر داخل ہو رہی تھی جس کی وجہ سے ٹرین کی رفتار کم تھی، رفتار کم ہونے کے باعث ٹرین بڑے حادثے سے بچ گئی، ٹرین میں سوار تمام مسافر محفوظ ہیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ حادثے کا شکار سر سید ایکسپریس کراچی سے راولپنڈی جا رہی تھی، متاثرہ ٹریک کی جلد بحالی کے لیے ریسکیو آپریشن شرع کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 2 سال قبل سیلاب کے باعث بند ہونے والی سر سید ایکسپریس کو یکم ستمبر کو دوبارہ بحال کیا گیا تھا۔

Exit mobile version