Site icon News Intervention

مقبوضہ بلوچستان: پشتون رہنما عبید اللہ کاسی کی لاش برآمد

مقبوضہ بلوچستان میں کچلاک سے جون میں جبری طور پرلاپتہ ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن ملک عبید اللہ کاسی کی لاش پشین سے برآمد ہوئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق عبید اللہ کاسی کی لاش ضلع پشین کے علاقے سرانان سے بدھ کی شب تین بجے برآمد ہوئی۔اے این پی کے رہنما عبید اللہ کاسی کو نامعلوم افراد نے کوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک میں کلی کیتر سے 26 جون کو اغوا کیا تھا۔عوامی نیشنل پارٹی نے ان کے اغوا کے خلاف قومی شاہراہ بلاک کرکے احتجاج بھی کیا تھا۔

جمعرات کو عبید اللہ کاسی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے پشین کے سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بڑی تعداد میں پارٹی کے رہنما اور کارکن جمع ہوئے جن میں واقعے پر شدید غم و غصہ تھا۔

اے این پی بلوچستان کے ترجمان مابت کاکا کاکہنا ہے کہ انہیں رات کو اے این پی کے رہنما ملک عبید اللہ کاسی کے ہلاکت کی خبر ملی تھی۔ ان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے پشین کے سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ملک عبید اللہ کاسی کے 26 جون کو اغوا کے بعد سے اے این پی ان کی بازیابی کے لیے احتجاج کر رہی تھی جب کہ انتظامیہ سے بھی مسلسل رابطہ تھا۔

عبید اللہ کاسی کی ہلاکت پر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ مظلوم اقوام کے حق کی جنگ میں ان کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ انہوں نے ریاست بلوچستان اپنے شہریوں کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے۔

انہوں نے بلوچستان حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست جواب دے اگر وہ اے این پی کے رہنماؤں کے تحفظ میں ناکام ہے تو وہ خود اپنا تحفظ کرنے کے لیے آزاد ہوں گے البتہ پھر کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

اسفند یار ولی نے کہا کہ ملک عبید اللہ کاسی سے قبل صوبائی ترجمان اسد خان اچکزئی کو قتل کیا گیا تھا۔

Exit mobile version