کنی گام شوپیان جھڑپ میں دو دہشت گرد ہلاک

0
70

ضلع شوپیان کے کنی گام امام صاحب گاؤں میں قریب 18گھنٹے کی معرکہ آرائی کے دوران البدر مجاہدین سے وابستہ دو دہشت گرد ہلاک جبکہ دو فوجی جوان زخمی ہوئے، جن میں ایک شدید زخمی ہوا۔اس دوران مسلح تصادم آرائی میں دو رہائشی مکان ایک چھوٹی نجی گاڑی اور ایک موٹر سائیکل جل کر خاکستر ہوئے۔

پولیس نے بتایا کہ انہیں کنی گام گاؤں میں دہشت گروں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد قریب 4بجکر 15منٹ پر آپریشن کیلئے 44آر آر اور 178بٹالین سی آر پی ایف کی خدمات حاصل کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ جونہی فوج کی ایک گشتی گاڑی گاؤں میں داخل ہوئی تو دہشت گروں نے اس پر فائرنگ کی، جس کے بعد گولیوں کے مختصرتبادلے کے دوران ہی دہشت گردوں نے یہاں سے فرار کا راستہ اختیار کیا اور وہ گاؤں کی جانب بھاگ گئے۔ فائرنگ کے دوران ہی فورسز کی بھاری تعداد یہاں گئی تھی جنہوں نے دہشت گردوں کا تعاقب کیا اور گاؤں کو سیل کردیا۔فورسز نے سبھی راستوں کی ناکہ بندی کر کے لوگوں کو اپنے گھروں میں ہی رہنے کیلئے کہا۔شام دیر گئے جونہی گھر گھر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا گیا تو دہشت گردوں نے فورسز پر حملہ کردیا اور محاصرہ توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی۔اس دوران 23راجپوت رائفلز سے وابستہ حوالدار انیل کمار اور 21راجپورت رائفلز کے سپاہی جتندرا زخمی ہوئے۔ سپاہی جتندرا کی پیٹ میں گولی لگی جس کی وجہ سے اسکی حالت نازک ہے، جبکہ حوالدار کے ہاتھ میں گولی لگی تھی۔چنانچہ آپریشن روک دیا گیا اور گاؤں میں موجود2 دہشت گردوں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے ہر طرف روشنی کا انتظام کیا گیا۔ رات کے قریب 10بجے طرفین کے دوران گولیوں کا ایک بار پھر تبادلہ ہوا، جو ایک گھنٹہ تک جاری رہا،جس کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا،لیکن پولیس نے جمعہ کی شب اسکی تصدیق نہیں کی۔بعد میں رات بھر کیلئے آپریشن ملتوی کیا گیا۔ سنیچر کی صبح7بجکر 45منٹ پر آپریشن کا دوبارہ آغاز کیا گیا جس کے دوران فورسز نے صبح 8بجکر 30منٹ پر مکان کو آگ لگادی جس سے ایک مکان خاکستر ہوا جبکہ بعد میں ایک اور مکان بھی راکھ کا ڈھیر بن گیا۔دو مکانوں کو نذر آتش کرنے کے بعد فائرنگ کا سلسلہ رک گیا اور بعد میں ملبے سے دو دہشت گردوں کی لاشیں بر آمد کی گئیں جن کی شناخت آصف احمد لون ولد غلام محمد لون ساکن ترکہ وانگام زینہ پورہ(سرگرم 2جولائی 2020) اوراویس فاروق الائی ولد فاروق احمد ساکن کدل بل نور پورہ اونتی پورہ(سرگرم8اگست 2020) کے بطور ہوئی۔دونوں کا تعلق البدر سے بتایا جاتا ہے۔دو مکان تباہ ہونے کے دوران ایک نجی چھوٹی پرائیویٹ گاڑی اور ایک موٹر سائیکل بھی خاکستر ہوئے۔گاؤں کا محاصرہ ایک بجے ختم کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تلاشی کارروائی بڑی احتیاط سے کی گئی، کیونکہ ابتدائی گولیوں کے تبادلے کے بعد گاؤں میں خاموشی چھا ئی رہی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں