راولپنڈی سے گلگت بلتستان جانے جانے والی مسافر بس کو چلاس میں خوفناک حادثہ، 20 افراد ہلاک، 22 زخمی

0
76

راولپنڈی سے گلگت جانے والی ایک مسافر بس کو جمعے کی صبح چلاس شہر سے 20 کلومیٹر کی دوری پر ’یشکول داس‘ کے مقام پر حادثہ پیش آیا۔

صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق اور گگلت بلتستان کے علاقے دیامیر پولیس کے ترجمان رفیق دین کے مطابق راولپنڈی سے گلگت جانے والی مسافر بس حادثے کا شکار ہونے سے کم از کم 20 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ترجمان کے مطابق اس حادثے میں زخمی ہونے والے 22 مسافروں کو چالاس اور قریب کے ہسپتالوں میں پہنچایا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق بس حادثہ جمعے کی صبح پانچ بجے پیش آیا۔ جائے حادثہ پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھی اور اس وقت علاقے میں موبائل سگنل بھی نہیں تھے۔

پولیس کے مطابق نجی کمپنی کی یہ بس تقریباً تین سو فٹ سے زیادہ گہری کھائی میں گری ہے، جہاں پر ابھی بھی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، جس میں ریسیکو اہلکاروں کے علاوہ مقامی لوگ اور پولیس کے جوان بھی حصہ لے رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق ابھی تک حادثہ کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔

حادثے کا یہ مقام چلاس شہر سے 20 کلومیٹر دور ’گونر فارم‘ کی حدود میں یشکول داس کے مقام پرپیش آیا ہے۔ گونر فارم کا علاقہ ضلع چالاس کی حدود میں آتا ہے۔ اس علاقے میں پانچ کلو میٹر تک کوئی آبادی نہیں ہے۔ یہاں پر موجود موڑ تنگ ہے، جس وجہ سے اس سے پہلے بھی یہاں حادثات پیش آئے ہیں اور یہاں سے گاڑیاں نیچے کھائی میں گری ہیں۔ مگر اس علاقے میں یہ پہلا بڑا مسافر بس حادثہ ہے۔ عموماً اس علاقے میں ڈرائیور محتاط انداز میں ڈرائیو کرتے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ مسافر بس کھائی میں ریت کے ایک ٹیلے کے پاس جا کر رک گئی تھی۔ اس کھائی کے بعد تیز رفتار دریا ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق ریت کے ٹیلے کے قریب بس کے رکنے سے کہا جا سکتا ہے کہ کچھ مسافروں کی جان بچ گئی۔

صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق اس وقت صوبائی حکومت اپنے تمام دستیاب وسائل سے زخمیوں کو علاج معالجہ کے علاوہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے اور چالاس کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ان کے مطابق کچھ مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں