خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کی دور افتادہ وادی تیراہ میں پاکستانی فوج کی ایک گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں دو افسران سمیت سات اہلکار زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کانوائے تیراہ سے خواجل خیل ہیڈ کوارٹرز جارہا تھا کہ برقمبر خیل کے علاقے میں روڈ کے کنارے نصب بارودی مواد زوردار دھماکے سے پھٹ گئے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق دھماکے سے میجر عبداللہ، کیپٹن متی، حولدار رخمان اللہ، نایک زرخیل، سپاہی وقاص، سپاہی انشاء اللہ اور نائیک مفروض زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق دھماکے سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
دھماکے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دی گئی ہے۔