اطلاعات کے مطابق وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس لون نے کہا ہے کہ ضلع دیامر تحصیل داریل گاؤں گماری میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں چلاس بس فائرنگ واقعے کا مسٹر مائنڈ کمانڈر شاہ فیصل ہلاک ہوگیا۔
وزیر داخلہ گلگت بلتستان نے کہا کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک بچی، بزرگ اور 4 سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہو گئے، خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز نے جمعرات کو آپریشن کیا۔
شمس لون کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک اور خطرناک دہشت گرد زاہد اللہ بھی زخمی ہوگیا جبکہ ایک اور دہشت گرد کا تعاقب کیا جارہا ہے، دہشت گردوں سے مقابلے میں گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے 4 اہلکار زخمی ہو گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں کئی گھنٹوں سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے اور حالات سخت کشیدہ ہیں۔
یاد رہے کہ 2 دسمبر کو گلگت بلتستان کے شہر چلاس میں دہشت گردوں کی مسافر بس پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے تھے۔