انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن (آئیبا) نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن (پی بی ایف) کے دو دھڑوں کے انتخابات تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے رکنیت معطل کردی۔
آئیبا نے پی بی ایف کو خط میں کہا کہ انٹر نیشنل باکسنگ باڈی نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کو معطل کرکے ایڈہاک لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے دونوں دھڑوں کے انتخابات 24 جنوری کو لاہور میں ہوئے تھے اور خط میں کہا گیا کہ جہانگیر ریاض گروپ نے اپنے انتخابی عمل سے متعلق 2 فروری جبکہ خالد محمود گروپ نے 3 فروری کو اپنے انتخابی دستاویزات آئیبا کو بھجوائے۔
باکسنگ کی عالمی باڈی نے کہا کہ آئیبا آئین کے آرٹیکل 7.2 کے تحت کسی بھی رکن ملک میں دو قومی فیڈریشنز کام نہیں کرسکتیں اور پی بی اے کے انتخاب کے لیے طریقہ کار پر سوال اٹھا دیے ہیں۔
آئیبا نے دونوں گروپس کے انتخابات کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے خط میں کہا کہ انتخابی عمل مکمل ہونے تک باکسنگ فیڈریشن کے معاملات کے لیے ایڈہاک کمیٹی بنائی جائے گی۔
آییبا نے خالد محمود اور جہانگیر ریاض گروپ سے ایڈہاک کمیٹی کے لیے دو، دو نامزدگیاں مانگ لیں اور دونوں گروپس کو 15 روز کے اندر نامزدگیاں بھجوانے کا کہا گیا ہے۔
ایڈہاک کمیٹی کا مینڈیٹ باکسنگ فیڈریشن کے انتخابات کروانا ہوگا اور ایڈہاک کمیٹی کا کوئی رکن انتخابات میں حصہ نہیں لے پائے گا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پی بی ایف اس خط کے ملنے کے بعد تین ماہ کے اندر آئیبا کے کنٹرول اور آئیبا کے مبصرین کے سامنے فیڈریشن کے انتخابات منعقد کروائے ورنہ آئیبا کے آئین کی صریح خلاف ورزی ہوگی۔
پاکستانی باکسرز کے عالمی سطح پر مقابلوں میں کوئی مسئلہ سامنے آیا تو اس کو آئیبا کی مسابقتی کمیٹی فیصلہ کرے گی۔