کابل کی سیکورٹی القاعدہ کے قریبی تنظیم حقانی نیٹ ورک کے حوالے

0
234

طالبان نے افغان دارالحکومت کابل کی سیکورٹی حقانی نیٹ ورک کے سینئیر اراکین کے حوالے کردی ہے،جن کے القاعدہ سمیت غیر ملکی جہادی گروہوں کے ساتھ قریبی روابط رہے ہیں۔

وائس آف امریکہ کے نمائندے جیمی ڈیٹمر کی رپورٹ کے مطابق، مغربی ملکوں سے تعلق رکھنے والے انٹیلی جنس کے اہل کاروں کا کہنا ہے کہ حقانی نیٹ ورک کو یہ ذمہ داری دینا پریشان کن امر ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ طالبان کے وعدے کچھ جب کہ ان کا عمل کچھ اور ہے۔ طالبان نے یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ 1996ء سے 2001ء تک کے دور کے بر عکس اعتدال کا راستہ اپنائے گی۔

انٹیلی جنس عہدے داروں کو یہ خدشہ بھی ہے کہ القاعدہ کو دوبارہ افغانستان میں میں راستہ دیا جا سکتا ہے، جس کا مطلب یہ ہوگا کہ گزشتہ سال طالبان نے امریکی عہدیداروں سے قطر میں جو وعدے کئے تھے، ان کی پاسداری نہیں کی جائے گی۔ طالبان نے دوحہ میں وعدہ کیا تھا کہ افغانستان کی سرزمین غیر ملکی جہادیوں کی آماجگاہ نہیں بننے دی جائے گی۔

جمعرات کے دن افغانستان کی قومی مفاہمتی کونسل کے سربراہ، عبداللہ عبداللہ نے کابل میں خلیل الرحمٰن حقانی کی سربراہی میں آنے والے وفد سے ملاقات کی، مفاہمتی کونسل میں نامور عمائدین شامل ہیں جنھوں نے قطر کی بات چیت میں شرکت کی تھی۔

بعد ازاں، عبداللہ نے اس بات کا اعلان کیا کہ خلیل الرحمٰن حقانی افغان دارالحکومت کی سیکیورٹی کی نگرانی کریں گے، اور یہ کہ انھوں نے یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ ”کابل کے شہریوں کو بہترین سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے سخت محنت کی جائے گی”۔

امریکی محکمہ خزانہ نے فروری 2011ء میں خلیل الرحمٰن حقانی کو دہشت گرد قرار دیا تھا، اور کہا تھا کہ ان کے بارے میں اطلاع دینے والے کو 50 لاکھ ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔ ان کا نام اقوام متحدہ کی دہشت گردوں سے متعلق فہرست میں بھی شامل ہے۔

عبداللہ عبداللہ اور خلیل الرحمٰن حقانی کی ملاقات سے چند ہی گھنٹے قبل، طالبان نے افغانستان کی اسلامی امارات کی تشکیل کا اعلان کیا تھا۔

انٹیلی جنس کے ایک برطانوی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ”یہ ایک پریشان کن حقیقت ہے کہ خلیل الرحمٰن حقانی کو کابل کی سیکیورٹی کا انچارج بنایا گیا ہے”۔

بقول ان کے، حقانی اور القاعدہ کے آپس میں پرانے تعلقات ہیں، آپ یہ ثابت کر سکتے ہیں کہ وہ دراصل وہ ایک ہی ہیں، اس لیے یہ بات ممکن نہیں کہ وہ باہمی تعلقات منقطع کر دیں ”۔

ایک ریٹائرڈ برطانوی سفارت کار ایور رابرٹس نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ کابل کی سیکیورٹی کی نگرانی حقانی نیٹ ورک کے حوالے کرنے کا اقدام ایسا ہے، جیسے” آپ چوزوں کی رکھوالی لومڑی سے کروا رہے ہوں ”۔

رابرٹس انسداد شدت پسندی کے پراجیکٹ میں ایک سینئر مشیر کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جو ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ وہ اس فیصلے پر حیران ہیں۔ انھوں نے کہا کہ میں نے سوچا تھا کہ پبلک ریلیشنز کے حوالے سے طالبان ہوش مند ثابت ہونگے، لیکن اس فیصلے سے ایسا نہیں لگتا

رابرٹس کے بقول، وہ اپنی تنظیم کا سب سے برا تاثر دینے والا پہلو سب کے سامنے رکھ رہے ہیں، جس سے خواتین، لڑکیوں اور سول سوسائٹی کو ایک خطرناک پیغام جائے گا۔ میرے خیال سے اس قدم سے یہ امکان بڑھ جاتا ہے کہ افغانستان دوبارہ بین الاقوامی دہشت گردی کا گڑھ بن جائے گا۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں