کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ سعد رضوی کی رہائی کے احکامات جاری کردیے گئے۔
پاکستان کے شہر لاہور میں عدالتی حکم کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کالعدم مذہبی جماعت تحریکِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ حافظ سعد رضوی کی کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
سنیچر کے روز لاہور کے ڈپٹی کمشنر عمر شیر کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وہ سعد رضوی کی فوری رہائی کی اجازت دے رہے ہیں۔
لاہور کے ڈپٹی کمشنر عمر شیر نے اس اعلامیے کی تصدیق کی ہے جس میں سعد رضوی کی رہائی کے لیے وفاقی نظرثانی بورڈ (ایف آر بی) کے حالیہ فیصلے اور لاہور ہائی کورٹ کے اس ضمن میں فیصلے کا حوالہ دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں لاہور ہائی کورٹ نے سعد رضوی کے چچا کی درخواست پر ان کی نظر بندی کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دیا تھا۔
اپنے والد خادم رضوی کی وفات کے بعد مذہبی جماعت ٹی ایل پی کے سربراہ مقرر ہونے والے سعد رضوی کو پہلے وفاقی حکومت کے احکامات پر ایم پی او (نقص امن عامہ) کے قانون کے تحت نظر بند کیا گیا تھا اور ساتھ ہی انھیں انسدادِ دہشت گردی کے قانون کی دفعہ 11 ٹرپل ای کے تحت بھی جیل میں رکھا گیا تھا۔