پاکستان:تحریک لبیک کا نام کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکال دیا گیا

0
63

پاکستان کی وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد وزارت داخلہ نے تحریکِ لبیک پاکستان کا نام کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکالنے کا نوٹیفیکشین جاری کر دیا ہے۔

پاکستان کی وزارتِ داخلہ کے مطابق تحریکِ لبیک پاکستان کا نام کالعدم تنظیموں کی فہرست سے نکالنے کی منظوری کے لیے سنیچر کو وفاقی کابینہ کے ارکان کو سمری بھیجی گئی تھی۔

وزارتِ داخلہ کے ایک اہلکار نیمیڈیا کو بتایا کہ اتوار کو سمری کی منظوری کے بعد اب اس سلسلے میں نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

تحریکِ لبیک کو رواں برس 15 اپریل کو حکومتِ پنجاب کی سفارش پر کالعدم قرار دیا گیا تھا جس کے خلاف تنظیم کی جانب سے 29 اپریل کو وزارتِ داخلہ سے رجوع کیا گیا تھا تاہم وزارت کی جانب سے قائم کی گئی جائزہ کمیٹی اور پھر وفاقی کابینہ نے اس فیصلے کو جائز قرار دیا تھا۔

تاہم سنیچر کو وفاقی کابینہ کو بھیجی جانے والی سمری میں کہا گیا تھا کہ تحریکِ لبیک کو غیر کالعدم قرار دینے کا فیصلہ وسیع تر قومی مفاد اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے کہ مستقبل میں ایسے (تحریکِ لبیک کے احتجاج) واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔

وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ ہفتے تحریک لبیک کے ساتھ کیے گئے خفیہ معاہدے کے تحت تحریک لبیک پاکستان پر پابندیاں ختم کرنے کا جو فیصلہ کیا گیا ہے اس کے تحت تنظیم کو غیر کالعدم قرار دینے کے علاوہ اس کے رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی بھی شامل ہے۔

سنیچر کو لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ٹی ایل پی کے متعدد رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات میں ان کی ضمانت بھی منظور کی تاہم تنظیم کے سربراہ سعد رضوی کی رہائی تاحال عمل میں نہیں آ سکی ہے جو کہ تحریکِ لبیک کے بڑے مطالبات میں سے ایک ہے۔

سعد رضوی کو رواں برس اپریل میں حراست میں لیا گیا تھا اور وہ تاحال نظربند ہیں۔

جمعرات کو تحریکِ لبیک پاکستان کے سربراہ سعد رضوی کی رہائی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست عدالت نے واپس لیے جانے کی بنیاد پر نمٹا دی تھی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں