انڈین چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک

0
103

انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت اور اُن کی اہلیہ مدھولیکا راوت بدھ کے روز ہونے والے ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔

انڈین فضائیہ نے اپنی ایک ٹوئٹر تھریڈ میں اس بات کا اعلان کیا۔ حادثے میں کُل ملا کر 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ گروپ کیپٹن ورون سنگھ زخمی ہیں اور زیرِ علاج ہیں۔

انڈین فضائیہ کے مطابق جنرل بپن راوت ڈیفینس سروسز سٹاف کالج جا رہے تھے جہاں اُنھیں سٹاف کورس کے طلبہ افسران اور اساتذہ سے خطاب کرنا تھا۔

فوجی ہیلی کاپٹر کو یہ حادثہ بدھ کو تامل ناڈو میں سولور اور کوئمبٹور کے درمیان پیش آیا اور وہ ایک پہاڑی علاقے میں گرا۔ انڈیا کی فضائیہ کے مطابق جو ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا وہ روسی ساختہ اور ایم آئی 17 وی فائیو ماڈل کا تھا۔

جائے حادثہ سے موصول ہونے والی ویڈیوز میں جائے وقوعہ سے آگ کے شعلے اٹھتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

انڈین فضائیہ کا کہنا ہے کہ اس حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

آل انڈیا ریڈیو کے مطابق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جمعرات کو پارلیمنٹ میں اس حادثے کے بارے میں مزید معلومات دیں گے جبکہ انھوں نے نئی دہلی میں جنرل راوت کی رہائش گاہ پر ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی ہے۔

جنرل راوت کو ملک کی برّی فوج کے سربراہ کے عہدے سے ریٹائرمنٹ کے بعد یکم جنوری 2020 کو ملک کا پہلا چیف آف ڈیفنس سٹاف مقرر کیا گیا تھا۔

انڈین فوج کے چیف آف ڈیفنس کا یہ عہدہ فور سٹار جنرل کا ہے یعنی یہ تینوں افواج کے سربراہان کے برابر ہے۔ تینوں افواج کے سربراہ انھیں رپورٹ نہیں کرتے بلکہ وہ بدستور وزیر دفاع کے ہی تابع ہیں لیکن چیف آف ڈیفنس سٹاف ان سے صلاح و مشورہ کرتا ہے اور اپنی رائے وزیر دفاع کو دیتا ہے۔

جنرل بپن راوت کا تعلق ہمالیائی ریاست اتراکھنڈ سے ایک ایسے خاندان سے ہے جس کی کئی نسلوں نے انڈین فوج میں خدمات انجام دی ہیں۔

نامہ نگار نیاز فاروقی کے مطابق راوت فروری 2015 میں بھی ناگالینڈ میں چیتا ہیلی کاپٹر کے حادثے میں بال بال بچے تھے۔

نیشنل ڈیفنس اکیڈمی اور اور انڈین ملٹری اکیڈمی کے سابق طالب علم رہ چکے راوت نے دسمبر 1978 میں انڈین آرمی کی 11 گورکھا رائفلز کی 5ویں بٹالین میں شمولیت اختیار کی تھی۔

انسداد بغاوت جنگ کے ماہر وہ چین اور پاکستان دونوں سرحدوں پر مختلف عہدوں پر تعینات رہ چکے تھے۔ اُنھوں نے اقوام متحدہ کے ادارہ استحکام مشن کے طور پر کانگو میں بھی خدمات انجام دیں۔

دسمبر 2016 میں ایک متنازعہ قدم کے تحت حکومت ہند نے انھیں دو سینیئر لیفٹیننٹ جنرلز، پروین بخشی اور پی ایم ہارس پر فوقیت دیتے ہوئے ملک کی برّی فوج کا 27 ویں چیف آف آرمی سٹاف مقرر کیا تھا۔

چالیس سال سے زیادہ کے کریئر کے دوران اُنھیں متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔

یہ حادثہ فضائیہ کے ایم آئی 17 وی فائیو ہیلی کاپٹر کو پیش آیا۔ دو انجن والے اس ہیلی کاپٹر کا شمار دنیا کے جدید ترین ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹروں میں ہوتا ہے۔

اس ہیلی کاپٹر کو سمندری موسم اور صحرائی حالات میں پرواز کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اور یہ فوجیوں کے علاوہ اسلحہ لے جانے، فائر سپورٹ، گشت اور تلاش اور بچاؤ کے کاموں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے

انڈین فضائیہ اسے وی آئی پی ہیلی کاپٹر کے طور پر استعمال کرتی ہے اور یہ ملک میں اعلیٰ شخصیات کی نقل و حرکت میں کام آتا رہا ہے۔

حال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی نے اسی قسم کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لداخ اور کیدارناتھ جیسے علاقوں کا دورہ کیا تھا جبکہ وزیر دفاع بھی اسی قسم کے ہیلی کاپٹر میں دور دراز علاقوں میں جاتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں