پاکستان: مری میں شدید برفباری میں پھنسے 16 سیاح سمیت 19افراد ہلاک

0
162

پاکستان کے صوبہ بنجاب کے علاقے مری میں شدید برفباری میں پھنسے 16 سیاح سمیت 19افرادہلاک ہوگئے۔

پاکستان کے وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے بتایا ہے کہ صوبہ پنجاب کے تفریحی مقام مری میں شدید برفباری کے نتیجے میں گاڑیوں میں پھنسے کم از کم 16 سیاح ہلاک ہو گئے ہیں۔

شیخ رشید کے مطابق مری جانے والے راستے پر اس وقت بھی ایک ہزار گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں اور امدادی کارروائیوں کے لیے ایف سی، رینجرز اور فوج کے جوانوں کی مدد حاصل کر لی گئی ہے۔

ایک ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اب تک ایسے 16 سے 19 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جو اپنی گاڑیوں میں پھنسے ہوئے تھے۔

وزیرِ داخلہ نے ہلاک شدگان کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ سڑک پر پھنسے باقی افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے مری میں سنو ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور علاقے کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔

شیخ رشید نے بتایا کہ اسلام آباد اور دیگر علاقہ جات سے مری کی طرف جانے والے راستے بند کر دیے گئے ہیں اور صرف خوراک اور امدادی سامان لے جانے والی گاڑیوں کو ہی داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

وزیرِ داخلہ نے امید ظاہر کی سنیچر کی شام تک مری اور اس کے راستے میں پھنسی گاڑیوں اور افراد کو نکال لیا جائے گا تاہم ان کے مطابق مری جانے والے راستے اتوار کی رات نو بجے تک بند رہیں گے۔

محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق مری میں اب تک چار فٹ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے اور مقامی افراد کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں سندھیاں اور کلڈونہ کے درمیانی علاقے میں ہوئی ہیں جہاں درجنوں گاڑیاں مری جانے والے راستے پر برف میں پھنسی ہوئی ہیں۔

دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی فوج کے انجینئیرز نے جھیکا گلی گھڑیال روڈ کو کھول دیا ہے جبکہ ابھی وہ جھیکا گلی گلڈنہ روڈ کو کھولنے میں مصروف ہیں۔

پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ پھنسے ہوئے سیاحوں کو آرمی پبلک سکول گلڈنہ میں عارضی رہائش اور خوراک فراہم کی جا رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بریگیڈ 111 بہارہ کہو کے راستے کو کھولنے کے لیے بھجوائی گئی ہے اور وہ ضروری خوراک بھی وہاں پہنچا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے سیاحتی مقامات میں برفباری اور بارشوں کے باعث جمعے کی دوپہر کو پہلے خیبر پختونخوا کے علاقے گلیات میں سیاحوں کا داخلہ بند کرنے کا اعلان کیا گیا اور شام کے وقت مری کو بھی سیاحوں کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا تھا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے بتایا کہ ’کل رات راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ نے بھرپور کوشش کی اور صبح تک یہ کوشش جاری تھی لیکن اتنی بڑی تعداد میں لوگ مری، گلیات اور باڑیاں کی جانب آ چکے ہیں کہ ہم پچھلے بارہ گھٹنے سے راستہ کھولنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ ہم نے مری جانے والے سارے راستے بند کیے ہوئے ہیں لیکن سیاحوں کی بہت بڑی تعداد وہاں موجود ہے۔‘

صورتحال کے حوالے سے شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ’اس لیے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم ان ڈکلیئر سول آرمڈ فورسز کی بھی مدد طلب کر رہے ہیں تاکہ لوگوں کو بھی نکالا جا سکے۔‘

اس سے قبل ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یہ خبر جاری کی گئی تھی کہ ایک ہزار گاڑیاں اس وقت بھی مری میں پھنسی ہوئی ہیں جبکہ 23 ہزار گاڑیوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی مری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ چار فٹ تک برفباری ہو چکی ہے اور درجنوں درخت سڑک پر گر چکے ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے کہا جا رہا کہ مشینری ایک حد تک کام کر سکتی ہے اور درختوں کے گرنے کی وجہ سے ہمیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

سیاحوں کو مری اور گلیات میں داخلے سے روکنے کے لیے پولیس چیک پوسٹیں بھی قائم کر دی گئی ہیں۔

گلیات میں شدید برفباری کی وجہ سے جمعے کو کم از کم دو مقامات پر برفانی تودے گرے ہیں جبکہ بجلی کے تین کھمبے گرنے سے بھی سڑک کی صورتحال انتہائی خطرناک ہو چکی ہے۔

حکام کی جانب سے سیاحوں سے درخواست کی جا رہی ہے کہ وہ مری کا رخ نہ کریں۔

حکام کے مطابق فیصلے کا مقصد مری اور گلیات سے واپس آنے والے سیاحوں کے لیے سہولت فراہم کرنا ہے اور یہ کہ سیاحوں کو مری اور گلیات سے باحفاظت واپس لانا ہے۔

ساتھ ہی ساتھ حکام نے مری میں موجود لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک پولیس اور دیگر حکام کے ساتھ تعاون کریں، غلط پارکنگ نہ کریں، گاڑیاں راستے میں پارک کر کے سیلفیاں نہ لیں اور ڈبل لین بنانے سے اجتناب کریں۔

مری میں موجود ایک سرکاری اہلکار نے بی بی سی کی نامہ نگار حمیرا کنول کو بتایا ہے کہ رات کو مری میں برف کا ایک شدید طوفان آیا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ اس وقت مری میں موصلاتی رابطوں کی صورتحال بھی شدید خراب ہے۔

انتطامیہ کے مطابق مری اور گلیات میں چار روز میں کم از کم ’ایک لاکھ گاڑیاں‘ داخل ہوئی ہیں۔

گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان احسن حمید کے مطابق برفباری کے سبب زمینی حالات اس بات کی اجازت نہیں دے رہے کہ مزید سیاح گلیات میں داخل ہوں چنانچہ گلیات میں اتوار تک سیاحوں کے داخلے پر پابندی رہے گی۔

دوسری جانب سوات میں بھی برفباری دیکھنے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد کے پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان احسن حمید کے مطابق جمعے کو ہونے والی برف باری انتہائی شدید تھی۔ اُن کے مطابق گلیات میں صرف ایک روز میں تین فٹ برفباری ہوئی ہے جبکہ دوسرے سپیل کے دوران جمعے سے پہلے چار روز تک ہونے والے برفباری مجموعی طور پر اڑھائی فٹ تھی جس نے نظام زندگی تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں