یو اے ای میں بلوچستان کا شہری حفیظ زہری جبری طور پر لاپتہ

0
73

متحدہ عرب امارات سے بلوچستان کے ایک اور شہری عبدالحفیظ زہری کو ملک کے خفیہ اداروں نے ان کے گھر پر چھاپہ مارکر حراست میں لیکر جبری طور پر لاپتہ کردیا ہے۔اس سے قبل یو اے ای کے ایجنسیوں نے راشد حسین بلوچ کو لاپتہ کرنے کے بعد پاکستان کے حوالے کیا تھا جو تا حال لاپتہ ہیں۔

عبدالحفیظ زہری جبری گمشدگی کے شکار راشد حسین کے کزن بتائے جاتے ہیں۔

عبدالحفیظ زہری کی متحدہ عرب امارات سے جبری گمشدگی کی تصدیق بلوچ لاپتہ افراد کی سرگرم تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک لائیوویڈیو بیان میں کیا ہے۔

ماما قدیر کے مطابق متحدہ عرب امارات سے بلوچستان کے رہائشی عبدالحفیظ زہری کو یو اے ای کے خفیہ اداروں نے گذشتہ شب رات کے دو بجے دوبئی سٹی میں واقع ان کے رہائش گاہ سے جبری طور پر لاپتہ کیا ہے۔ جس کے حوالے سے ابھی تک کسی قسم کی کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔

ماما قدیر کا کہنا ہے کہ عبدالحفیظ زہری گذشتہ بارہ سالوں سے اپنے والدہ،بہن بھائیوں کی کفالت کیلئے متحدہ عرب امارات میں محنت مزدوری کر رہے تھے۔اس کے حوالے سے ایسی کوئی شکایت بھی سامنے نہیں آیاکہ وہ کسی غیرقانونی کام میں ملوث ہو۔اوریہ بات بھی قابل حیران کن ہے کہ اچانک یو اے ای کی خفیہ ادارے کو ان کی جبری گمشدگی کاخیال کیسے آیا۔؟

ماما قدیر کا کہنا تھا کہ تین سال قبل عبدالحفیظ زہری کے خالہ زاد بھائی راشد حسین بلوچ کومتحدہ عرب امارات کے خفیہ اداروں نے جبری طور پر لاپتہ کیا تھااور چھ مہینے بعد انہیں پاکستان کے خفیہ اداروں کے حوالے کیا جو تاحال لاپتہ ہیں۔

عبدالحفیظ زہری کے حوالے سے بھی یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اسے پاکستان کے حوالے کیا جائے گا۔

ماماقدیر بلوچ نے متحدہ عرب امارات سے عبدالحفیظ زہری کی جبری گمشدگی پر اقوام متحدہ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اورانسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ راشد حسین بلوچ اور عبدالحفیظ زہری کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے کیونکہ انکی زندگیاں خطرے میں ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں