پاکستان کے وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لگائے گئے بیرونی سازش کے الزامات پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن غیر جانبدار ہوگا جو شفاف طریقے سے ان الزامات کی آزادانہ تحقیقات کرے گا اور کمیشن کی جانب سے جو بھی فیصلہ ہوگا اس کے بعد وہ لوگ جنھوں نے ملک کو جھوٹی سیاست کے لیے استعمال کیا انھیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
مریم اورنگزیب کے مطابق انکوائری کمیشن کے لیے ایسا سربراہ مقرر کیا جائے گا جس پر کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان سے متعلق بیان پر بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ بیرونِ ملک سازش کا رونا نہیں یہ گوگی بچاؤ کا ماتم ہے، معاشی دہشتگرد، معاشی بارودی سرنگیں بچھانے والے نالائقی کا ماتم کر رہے ہیں، سازشی ٹولے نے 4 سال ملک کو لوٹا اور عوام کے خلاف سازش کی، اس ٹولے نے 4 سال خزانہ اورتوشہ خانہ لوٹا۔
انھوں نے کہا کہ تباہ حال معیشت، بیروزگاری، بدترین مہنگائی کی وجہ عمران صاحب کی کرپشن اور لوٹ مار ہے، عمران خان کے دور میں آٹا،چینی،گھی، دوائی اور کھاد کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر رہی۔دوسری جانب مریم اورنگزیب نے موجودہ حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 4 سال سے ستائی عوام کو 2 ہفتے میں مہنگائی سے ریلیف دیا، آج الحمدللّٰہ یوٹیلٹی اسٹورز کے باہر رمضان میں ایک کلوچینی کے لیے قطاریں نہیں لگیں، آج عوام کو 4 سال کے بعد صرف 2 ہفتوں میں سستا آٹا،چینی اورگھی مل رہا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ آج سعودی عرب اور یو اے ای سے ملکی ترقی کے لیے کاروباری شراکت داریاں ہو رہی ہیں، عمران صاحب کشکول لے کر دردرکی ٹھوکریں کھاتے رہے، عمران صاحب کا پھیلایا گند اور غلاظت صاف کر رہے ہیں۔