چین نے دس لاکھ سے زائد ایغو مسلمانوں کو حراستی کیمپوں میں قید رکھا گیا،امریکا

0
57

امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے 2021 کی بین الاقوامی مذہبی آزادی سے متعلق رپورٹ امریکی کانگریس میں جمع کرا دی ہے، جس میں خاص طور پر چین کے سنکیانگ کے علاقے میں مسلم ایغور اور دیگر مذہبی اقلیتی گروہوں کی نسل کشی اور جبر کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، بلنکن نے کہا کہ اپریل 2017 سے لے کر اب تک 10 لاکھ سے زائد ایغور نسلی قازق، کرغیزاور دیگر اقلیتوں کو سنکیانگ کے حراستی کیمپوں میں قید رکھا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ عوامی جمہوریہ چین دوسرے مذاہب کے پیروکاروں کو، جنہیں وہ چینی کمیونسٹ پارٹی کے نظریے کے خلاف سمجھتا ہے، گرفتار کرنا جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان میں بودھ، عیسائی، مسلم اور تاؤسٹ عبادت گاہوں کو مبینہ طور پر تباہ کر نا اور عیسائیوں، مسلمانوں، تبتی بودھوں اور فیلن گانگ کے پیروکاروں کے لیے روزگار اور رہائش میں رکاوٹیں کھڑی کرنا شامل ہے۔

اس موقع پر بین الاقوامی آزادی کے لیے امریکہ کے ایلچی، راشد حسین بھی موجود تھے۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ مذہبی آزادی امریکی آئین کی اساس ہے اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی چارٹر میں اس کا بھی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی آزادیوں کا احترام امریکہ کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم جْْزو ہے۔انہوں نے اپنے خطاب میں سعودی عرب میں بین المذاہب مکالمے اور مذہبی رواداری کو بڑھانے کے لیے حالیہ اقدامات کی اہمیت کو تسلیم کیا۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ابھی بھی اسلام کے علاوہ کسی دوسرے عقیدے پر عوامی طور پر عمل کرنا غیر قانونی ہے اور حکومت مذہبی اقلیتی برادریوں کے ساتھ امتیازی سلوک جاری رکھے ہوئے ہے۔

یاد رہیکہ اس سال اپریل میں گزشتہ سال کی مذہبی آزادیوں کے جائزے پر مبنی سالانہ رپورٹ جاری کی گئی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ افغانستان اور سنٹرل افریقن ری پبلک (کار) میں سال 2021ء میں مذہبی آزادیوں میں سب سے زیادہ تنزلی دیکھی گئی۔ اور پاکستان کا شمار بھی ایسے ملکوں میں کیا گیا ہے جہاں مذہبی آزادیوں کے حوالے سے خلاف ورزیوں کا گراف مسلسل تنزلی کا شکار ہے اور جہاں حکومت اقلتیوں کو ہدف بنانے والے گروپوں کو روکنے میں ناکام رہی۔

اس رپورٹ میں دنیا بھر میں ایسے سات غیر ریاستی عناصر کو بھی ’انٹیٹی آف پرٹیکلر کنسرن‘ والی فہرست میں شامل رکھنے کی تجویز دی گئی ہے جو مبینہ طور پر مذہبی آزادیوں کے زمرے میں خلاف ورزیوں کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ اس میں الشباب، بوکو حرام، حوثی، حیات تحریر الشام، داعش ان گریٹر صحارا، داعش (مغرب افریقہ) اور نصرالاسلام ولمسلم شامل ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں