فٹبال کا سب سے بڑا عالمی میلہ آج سے قطر میں شروع ہو گا

0
96

 فٹبال کا سب سے بڑا عالمی میلہ فیفا ورلڈ کپ کا افتتاح اتوار 20 نومبر 2022ء کوقطر میں رنگا رنگ تقریب سے ہوگا۔

ورلڈ کپ کا پہلا میچ میزبان قطر اور ایکواڈور کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ فائنل18 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

میگا ایونٹ کے 64 میچز  قطر کے 5 شہروں کے 8 اسٹیڈیمز میں ہوں گے۔ دفاعی چیمپئن فرانس ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔

فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں قطر میزبانی کرنے والا دنیا کا سب سے چھو ٹا ملک ہے اور  یہ اب تک اس ایونٹ کیلئے 200 ارب ڈالر سے زائد کی خطیر رقم خرچ کرچکا ہے۔

افتتاحی تقریب میں مقامی اور دنیا بھر سےآئے معروف فنکار شاندارپرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ مشرقِ وسطی کا کوئی ملک عالمی کپ فٹ بال کی میزبانی کررہا ہےاور پہلی بار اس ٹورنامنٹ کا انعقاد موسم سرما میں ہو رہا ہے۔

ٹورنامنٹ کو دیکھنے کیلئے دنیا بھر سے لاکھوں شائقین نے قطر کا رخ کیا ہوا ہے۔ قطر میں رہائش اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ شائقین نے ایک بیڈ کا روم کئی کئی سو

ڈالرز میں حاصل کرکے اس تاریخی ٹورنامنٹ کو دیکھنے کا فیصلہ کیا ہے

ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی 32 ٹیمیں قطر پہنچ چکی ہیں اور ایونٹ کے آغاز سے قبل وارم اپ میچز بھی کھیل چکی ہیں۔ قطر حکومت نے دنیا کے سب سے بڑے ایونٹ کے انعقاد کیلئے 8 اسٹیڈیمز کی جدید طرز پر تعمیر کرکے انہیں دنیا کیلئے عجوبہ بنا دیا ہے۔

ایک اسٹیڈیم 974 جو کنٹینرز پر مشتمل ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔ اس سٹیڈیم میں ورلڈ کپ کے سات میچز کھیلے جائیں گے، ایک اور انوکھی بات یہ ہے کہ یہ اسٹیڈیم عارضی ہے یعنی کہ فٹبال ورلڈ کپ کے بعدا سٹیڈیم میں استعمال ہونے والے شپنگ کنٹینرز اور سیٹیں ختم کر دی جائیں گی۔ چند کنٹینرز میں بیت الخلا، ویٹنگ روم اور چینجنگ رومز بھی بنائے گئے ہیں۔ اسٹیڈیم کی تعمیر میں 974 شپنگ کنٹینرز استعمال کیے گئے ہیں۔

دوحہ میں موجود 40 ہزار سے زائد کرسیوں والے اس اسٹیڈیم کو نامور کمپنی نے ڈیزائن کیا ہے۔ اس اسٹیڈیم کا نام ملک کے ڈائلنگ کوڈ اور اس کی تعمیر میں استعمال ہونے والے شپنگ کنٹینرز کی تعداد 974 پر رکھا گیا ہے۔

فیفا ورلڈ کپ قطر میں ٹرافی کے حصول کیلئے 32ٹیمیں نبرد آزما ہوں گی۔ تمام ٹیموں کو چار چار کے 8 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں قطر، ایکواڈور، سینیگال اور ہالینڈ  شامل ہیں۔

گروپ بی میں انگلینڈ، ایران، امریکا اور ویلز، گروپ سی میں ارجنٹائن، سعودی عرب، میکسیکو اور پولینڈ، گروپ ڈی میں فرانس،آسٹریلیا، ڈنمارک اور تیونس، گروپ ای میں اسپین، کوسٹا ریکا،جرمنی اورجاپان،گروپ ایف میں بلجیم، کینیڈا، مراکش اور کروشیا شامل ہیں۔

گروپ جی میں برازیل، سربیا، سوئٹزرلینڈ اور کیمرون، گروپ ایچ میں پرتگال،گھانا،یوراگوئے اور جنوبی کوریاشامل ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر گروپ کے چار میچز 12 دن تک جاری رہیں گے اور ہر گروپ سے دو ٹیمیں اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

میگا ایونٹ کے 64میچز قطر کے 5 شہروں کے 8 اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔ فائنل 18دسمبر کو ہوگا، فرانس کی ٹیم ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں