پلوامہ حملے پر پاکستانی وزیر کے اعتراف سے بھارت میں لوگ بے نقاب ہو گئے، مودی

0
52

بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ پلوامہ حملے کے سلسلے میں پاکستان کے ایک وزیر کے اعتراف سے بھارت میں وہ لوگ بے نقاب ہو گئے جو جوانوں کی ہلاکت پر سوال اٹھا رہے تھے۔

ہفتے کو گجرات میں ایک تقریب سے خطاب میں نریندر مودی نے حزبِ اختلاف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ جوانوں کی ہلاکت پر سیاست کر رہے تھے۔

حزبِ اختلاف کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ اپنے سیاسی مفاد کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے پلوامہ حملے سے متعلق قومی اسمبلی میں دیے گئے بیان کی باز گشت بھارت میں اب بھی سنائی دے رہی ہے۔

فواد چوہدری کے بیان کے بعد بھارت کے سیاسی رہنما ﺅں کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پلوامہ حملے میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔ اسی کے ساتھ حکومت اور حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے حزبِ اختلاف پر حملے بھی تیز کر دیے ہیں۔

بھارت کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کلپ میں فواد چوہدری کو قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ہم نے بھارت کو گھس کر مارا ہے۔ پلوامہ میں جو ہماری کامیابی ہے۔ وہ عمران خان کی قیادت میں اس قوم کی کامیابی ہے۔ اس کے حصے دار آپ سب بھی ہیں۔ اس کے حصے دار ہم سب بھی ہیں۔

فواد چوہدری کا یہ بیان اب بھی بھارتی حکومت کے حامی نیوز چینلز پر موضوع بحث بنا ہوا ہے۔

قبل ازیں بھارت کے وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ فواد چوہدری کے اعتراف سے سچائی واضح ہو گئی ہے۔ حکومت کے ناقدین چپ ہو گئے ہیں۔

انہوں نے بہار کے ضلع بھاگلپور میں ایک ریلی سے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے اعتراف کر لیا ہے کہ پلوامہ حملے میں اس کا ہاتھ تھا۔ اب تک وہ یہی کہتے رہے کہ وہ اس میں ملوث نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب تک کانگریس رہنما ہماری نیت پر سوال اٹھا رہے تھے مگر اب وہ خاموش ہیں۔

اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان نے پلوامہ دہشت حملے میں اپنے ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔ اب کانگریس اور دیگر جماعتوں کو، جو اس کے بارے میں سازشی نظریات کی بات کرتی تھیں، عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی کے بعض دیگر رہنماو¿ں نے بھی کانگریس سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مرکزی وزیر اور سابق آرمی چیف جنرل وی کے سنگھ نے کہا ہے کہ پاکستان کے وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھارت کے اس دعوے کی تصدیق کر دی ہے کہ 2019 میں بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے پلوامہ میں حملے میں پاکستان کا ہاتھ تھا۔

جنرل(ریٹائرڈ) وی کے سنگھ کا کہنا تھا کہ میں پلوامہ حملے میں حقیقت کا اعتراف کرنے کے لیے ان (فواد چوہدری) کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہم بالکل ابتدا سے ہی یہ بات کہتے رہے ہیں کہ تمام شواہد پاکستان کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہماری حکومت پاکستان کے اس اعتراف سے پوری دنیا کو آگاہ کرے گی اور بتائے گی کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کے ذریعہ بلیک لسٹ کرنے کی ضرورت ہے اور کسی کو بھی پاکستان کو مالی امداد نہیں دینی چاہیے۔

یاد رہے کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارت نے ‘جیش محمد’ پر الزام عائد کیا تھا اور بالاکوٹ میں اس کے ایک تربیتی کیمپ پر حملہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

بھارت کے میڈیا کا دعویٰ تھا کہ اس فضائی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔

جبکہ پاکستان کا مو¿قف ہے کہ اس حملے میں کسی کی کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

پاکستان نے بارہا اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پلوامہ حملے سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ لیکن اب کہا جا رہا ہے کہ فواد چوہدری کے بیان نے حکومت اور بی جے پی کو حزبِ اختلاف کو ہدف تنقید بنانے کے لیے ایک ہتھیار فراہم کر دیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں