پاکستان میں منگل کی شب آنے والے زلزلے کے باعث صوبہ خیبرپختونخوا میں اب تک کم سے کم 16 افراد ہلاک جبکہ200 زخمی ہوئے ہیں۔
زلزلے کے باعث ہونے والے نقصان کی اطلاعات تاحال صرف صوبہ خیبرپختونخوا سے موصول ہوئی ہیں جبکہ پنجاب میں آفات سے نمٹنے والے ضلعی ادارے کو تاحال کسی شخص کے زخمی ہونے یا جانی نقصان کی خبر موصول نہیں ہوئی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں منگل کی شب چھ اعشاریہ آٹھ شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کا مرکز افغانستان میں ہندوکش سلسلہ میں بتایا گیا ہے۔
سوات سیدو شریف ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ضلعی پولیس افسر شفیع اللہ نے بتایا ہے کہ تمام عملے کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور تمام زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے عمارتوں کی چھتیں گرنے اور ان کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی ہیں۔