افغانستان: کابل میں بم دھماکا، ڈپٹی گورنر محبوب اللہ محبی ہلاک

0
226

افغانستان کے دارالحکومت میں ہونے والے ایک بم دھماکے کے نتیجے میں دارالحکومت کے ڈپٹی گورنر ہلاک ہوگئے۔

برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ میں سیکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا گیا کہ نامعلوم حملہ آوروں نے بم ان کی کار کے ساتھ منسلک کردیا تھا۔

افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں کابل کے ڈپٹی گورنر محبوب اللہ محبی کے ساتھ ان کے سیکریٹری بھی مارے گئے۔

دھماکا کابل کے پی ڈی 9 علاقے مکروریاں چہارم میں مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 40 منٹ پر ہوا، تاہم کسی عسکری گروہ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

خیال رہے کہ ایک جانب جہاں طالبان اور افغان حکومت کے مابین بین الافغان مذاکرات کی کوششیں آگے بڑھ رہی وہیں افغانستان میں مسلسل شورش کے واقعات بھی رونما ہورہے ہیں۔

قبل ازیں گزشتہ ہفتے کابل میں افغان حکومت کے ایک پراسیکیوٹر کو اس وقت گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا جب وہ اپنے کام پر جارہے تھے۔

نومبر30 کو افغانستان میں فوجی اڈے پرہونے والے ایک خودکش کار بم دھماکے کے نتیجے میں 30 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

اس سے قبل 21 نومبر کو افغانستان کے دارالحکومت کابل میں کے گنجان آباد علاقوں پر متعدد راکٹ حملے ہوئے تھے جن میں کم از کم 8 افراد ہلاک ہوئے۔

راکٹ کابل کے مختلف علاقوں میں گرے جن میں انتہائی حساس علاقہ وزیر اکبر خان اور شہرِ نو بھی شامل ہیں۔

گزشتہ ماہ کے اوئل میں کابل یونیورسٹی میں ایرانی کتب میلے کے افتتاح کے موقع پر دھماکے کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں