شاہ رخ خان کی فلم جوان ریلیز، بھارت میں جشن کا سماں

0
16

ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی نئی فلم ’جوان ‘ سینما گھروں کی زینت بن گئی۔ اس موقع پر بھارت کے مختلف علاقوں میں جشن کا سماں ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پورے ملک میں جہاں جہاں شاہ رخ خان کی فلم ’جوان ‘ ریلیز ہوئی ہے ان سینما گھروں میں بے انتہا رش ہے اور پاؤں رکھنے کی جگہ نہیں۔ لوگ فلم کے ٹکٹ کے حصول کے لیے منہ مانگی قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔سینما گھروں میں شائقین جوان کے گانوں پر شاہ رخ خان کے ساتھ رقص کرتے رہے اور اسکرین پر نوٹ نچھاور کرتے رہے۔

فلم جوان کا پہلا شو بھارتی وقت کے مطابق صبح  6 بجے چلایا گیا جس کے لیے غیرمعمولی رش اورجوش خروش تھا۔ فلم مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے تک بھارت کے دو بڑے سینما گھروں میں 19 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کرچکی تھی۔

شاہ رخ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ساری رات جاگ کر فلم جوان کے لیے آپ کا پیار اور جذبات دیکھ کر خوش ہو رہا ہوں اور اپنے مداحوں کا شکر گزار ہوں۔

تامل ناڈو میں سینما گھر پر لگے شاہ رخ خان کے پوسٹر کو ان کے مداحوں نے دودھ سے نہلایا اور فلم کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔فلمی ماہرین کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کی فلم جوان پہلے دن باکس آفس پر کمائی کے سارے پچھلے ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ بنا سکتی ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں