سِنگاپور: ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ انگور ہماری آنکھوں کے لیے اتنے ہی فائدہ مند ہوتے ہیں جتنی گاجریں ہوتی ہیں۔
سِنگاپور کی نیشنل یونیورسٹی کے محققین کی ٹیم کی جانب سے 34 افراد پر تحقیق کی گئی جس میں شرکاء کو 16 ہفتوں تک روزانہ ڈیڑھ کپ انگور یا پلیسیبو (فرضی دوا) کھلائی گئی۔
تحقیق میں انگور کھانے والے افراد میں میکیولر پگمنٹ آپٹیکل ڈینسٹی (ایم پی او ڈی)، پلازما اینٹی آکسیڈنٹ کپیسٹی اور فینولک مواد کی کل مقدار میں پلیسیبو کھانے والوں کی نسبت واضح اضافہ دیکھا گیا۔
ماہرین کے مطابق آنکھوں کو پہنچنے والے بڑے نقصان کی وجہ آکسیڈیٹِو اسٹریس ہے اور انگور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں۔ اس ہی وجہ سے انگور کولیسٹرول کو تیزی سے کم کرتے ہوئے بھی پائے گئے ہیں جس کے بعد اب اس پھل کو ’سُپر-پھلوں‘ کے گروپ میں شمار کیا جارہا ہے۔
تحقیق میں جن افراد نے انگور نہیں کھائے تھے ان میں نقصان دہ اوکیولر ایڈوانسڈ گلائکیشن (اے جی ای) مواد میں واضح اضافہ دیکھا گیا۔
جرنل فوڈ اینڈ فنکشن میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ آنکھوں کی بیماری کے خطرات میں آکسیڈیٹِو اسٹریس اور اے جی ای کی بلند مقدار شامل ہے۔
محققین نے دیکھا کہ اے جی ای پردہ بصارت کے پٹھوں کے نقصان، خلیاتی فعل کی خرابی اور آکسیڈیٹِو اسٹریس کی صورت متعدد آنکھوں کی بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔