پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر (ر) عادل فاروق راجا اور کیپٹن (ر) حیدر رضا مہدی کو بالترتیب 14 اور 12 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔
دونوں ریٹائرڈ افسران کو فوجی اہل کاروں کو بغاوت پر اکسانے کے الزام میں فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے ذریعے سزا سنائی گئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سزا کے تحت 21 نومبر 2023ء سے دونوں ریٹائرڈ افسران کے رینک بھی ضبط کرلیے گئے ہیں۔
عادل راجا اپنے اسٹیبلشمنٹ مخالف بلاگز اور سوشل میڈیا پوسٹس کی وجہ سے سرخیوں میں رہتے ہیں، وہ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر سرگرم ہیں اور سابق وزیراعظم عمران خان کے بھرپور حامی ہیں۔
عادل راجا اور فوج کے درمیان اختلافات پیدا ہونے کے بعد وہ گزشتہ سال اپریل میں اسلام آباد سے لندن چلے گئے تھے، اس کے بعد سے انہوں نے کئی حاضر سروس فوجی افسران کا نام لیتے ہوئے ان پر ’حکومت کی تبدیلی‘ کی سازش کے الزامات لگائے ہیں۔