بھارتی وزیراعظم بدھ کو متحدہ عرب امارات میں پہلے مندر کا افتتاح کریں گے

0
24

ابوظہبی:  وزیر اعظم نریندر مودی منگل سے شروع ہونے والے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران متحدہ عرب امارات میں پہلے مندر کا افتتاح کریں گے۔

وزیراعظم نریندر مودی متحدہ عرب امارات کے گزشتہ 8 ماہ کے دوران تیسرے اور 2015 کے بعد سے ساتویں سرکاری دورے پر منگل کو ابوظہبی پہنچیں گے۔

اس دو روزہ دورے میں وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان اور نائب صدر سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے اور ابوظہبی میں مشرق وسطیٰ کے پہلے مندر کا افتتاح کریں گے۔

اس مندر کی تعمیر کا فیصلہ وزیراعظم کے متحدہ عرب امارات کے 2015 کو کیے گئے دورے میں کیا گیا تھا۔ مندر کے لیے 13.5 ایکڑ (55 ہزار مربع میٹر) زمین اُس وقت کے ولی عہد اور موجودہ صدر محمد بن زید النہیان نے بطور تحفہ فراہم کی تھی۔

اس مندر کی تعمیر کا سنگ بنیاد 21 اپریل 2019 کو سوامی نارائن سنستھا کے روحانی لیڈر مہنت سوامی مہاراج شیلانیاس ودھی نے رکھا تھا جس میں متحدہ عرب امارات کے حکام بھی موجود تھے۔

مندر کی 7 چوٹیاں متحدہ عرب امارات کی 7 امارتوں کو ظاہر کرتی ہیں۔ اس مندر کی تعمیر میں استعمال ہونے والے سیکڑوں ٹن پتھروں کو بھارت میں ماہر کاریگروں نے تراشا تھا اور پھر انھیں متحدہ عرب امارات لاکر جوڑا گیا۔

مندر کے لیے منتخب کیے گئے پتھر راجستھان کے تھے جن کی خاصیت یہ ہے کہ شدید گرمی میں بھی یہ ٹھنڈک کا احساس دیتے ہیں۔

مندر کی لمبائی 262 فٹ، چوڑائی 180 فٹ اور اونچائی 108 فٹ ہے جب کہ اس میں 410 ستون، 12 اہرام کی چوٹیاں، 2 گنبد ہیں۔ مندر کی تعمیر ایسے کی گئی ہے اس پر 7 شدت کے زلزے کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔

اپنے دورے میں وزیراعظم نریندر مودی دبئی میں ورلڈ گورنمنٹ سمٹ 2024 میں بھی شرکت کریں گے جس میں ترکیہ اور قطر سمیت دیگر خلیجی ممالک کے سربراہان کی شرکت بھی متوقع ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں