عرب میڈیا کے مطابق كویت کے امیر نے الشیخ صباح خالد الحمد المبارک الصباح کو مملکت کا نیا ولی عہد مقرر کر دیا۔
امیرِ کویت الشیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے 71 سالہ شیخ صباح الخالد الصباح کو ولی عہد مقرر کردیا جو کویت کے حکمران خاندان آل الصباح کی سینیئر شخصیات میں سے ایک ہیں۔
شیخ صباح الخالد سابق سفارت کار، وزیر اعظم، وزیر خارجہ، وزیر اطلاعات اور نیشنل سکیورٹی ادارے کے سربراہ جیسے اہم عہدوں پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔
نئے ولی عہد الشیخ صباح الخالد 1953 میں پیدا ہوئے اور 1977 میں کویت یونیورسٹی سے سیاسیات میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد وزارت خارجہ میں سفارتی اتاشی کے عہدے پر فائز ہوئے اور 1995 تک وزارت خارجہ میں مختلف عہدوں پر کام کرتے رہے۔
بعد ازاں شیخ صباح الخالد کو سعودی عرب میں سفیر مقرر کیا گیا۔ 1998 میں وزیر خارجہ کے ساتھ نیشنل سکیورٹی سروس کے سربراہ اور پھر 2006 میں سماجی امور اور محنت کا وزیر رپے۔
بعد ازاں 2008 میں وزیر اطلاعات مقرر ہوئے تاہم 2011 میں اُن کے خارجہ امور میں تجربے کو دیکھتے ہوئے وزیر خارجہ اور اگلے ہی برس نائب وزیراعظم کا عہدہ دیا گیا۔