پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے خیبرپختونخوا کے قبائلی جرگے میں آپریشن عزم استحکام کی مخالفت اور عمران خان کی رہائی کی قرارداد منظور کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آپریشن عزم استحکام کے حوالے سے قبائلی جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں خیبرپختونخوا کے قبائل سے تعلق رکھنے والے مشران اور معززین نے شرکت کی۔
جرگے میں تحریک انصاف کی مرکزی اور صوبائی قیادت بھی شریک تھی جبکہ تحفظ آئین پاکستان الائنس کے سربراہ محمود خان اچکزئی سمیت دیگر مقررین نے جرگے سے خطاب کیا۔
جرگے میں مختلف قراردادیں پیش کی گئیں جنہیں شرکا نے کثرت رائے سے مںظور کرلیا، خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے بتایا تھا کہ جرگے میں منظور کی گئی قرارداد کو ایوان اور صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
جرگے میں بانی چیرمین پی ٹی آئی سمیت سیاسی مقدمات میں گرفتار تحریک انصاف کے رہنماؤں و کارکنان کی رہائی کی قرارداد بھی مںظور ہوئی، اس کے علاوہ قدرتی وسائل میں مقامی آبادی کے حق کو تسلیم کرنے کی قرارداد بھی پیش کی گئی، جسے شرکا نے ہاتھ اٹھا کر منظور کیا۔