مہمند ایجنسی: فوجی مرکز پر بڑا حملہ، درجنوں ہلاکتیں

0
44

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند ایجنسی کے ہیڈکوارٹر غلنئ میں فوجی مرکز پر شدید حملہ ہوا جس میں متعدد ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ یہ حملہ آج صبح 4 بجے کے قریب شدت پسندوں کی جانب سے کیا گیا، جو کہ اب بھی جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق، غلنئ میں موجود ایف سی اور فوج کے مشترکہ مرکز پر خودکش بمباروں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے کیمپ کی دفاعی پوسٹ پر اچانک حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ابتدائی مرحلے میں 4 سے 5 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق، حملہ آوروں کی تعداد 5 سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

حملے کے دوران کیمپ میں وقفے وقفے سے دونوں جانب سے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کی فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں ہیں ۔ تاحال موصولہ اطلاعات کے مطابق، حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 20 سے زائد اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ 3 حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔

تاحال کسی مسلح تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی تحریک طالبان پاکستان سے منسلک جماعت الاحرار کی جانب سے اسی کیمپ پر دو بڑے حملے ہو چکے ہیں، جن میں درجنوں سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں