کشمیر میں ماتا ویشنو دیوی کے مندر میں بھگدڑ کی وجہ سے 12 یاتری جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے ہیں۔ حکام نے جان بحق ہونے والوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ”اے ایف پی“ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ سنیچر کو علی الصبح ماتا ویشنو دیوی کے مندر میں یاتریوں کے رش کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی خود اس واقعے کی نگرانی کر رہے ہیں۔ یاتریوں کی ایک بڑی تعداد نئے سال کے موقع پر عبادت کے لیے آئی تھی۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب یاتری ویشنو دیوی بھون میں داخل ہو رہے تھے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ماتا ویشنو دیوی بھون میں بھگڈر کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر انتہائی غمزدہ ہیں۔ انہوں نے نیشنل ریلیف فنڈ سے مرنے والوں کے لیے دو لاکھ جبکہ زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے کا اعلان کیا ہے۔
کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے ٹویٹر بیان میں کہا کہ ان کو مندر میں بھگڈر کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر انتہائی دکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو واقعے کے بارے میں بریف کیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مہلوکین کے خاندانوں کے لیے دس لاکھ روپے اور زخمیوں کو دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
ماتا ویشنو دیوی کا مندر ہندوؤں کے اہم عبادت گاہوں میں سے ایک ہے۔ ہر روز ہزاروں افراد ماتا ویشنو دیوی مندر میں عبادت کرنے جاتے ہیں۔ ماتا ویشنو دیوی 24 گھنٹے کھلا رہتا ہے۔ یہ جموں سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر کترا کی پہاڑیوں میں واقع ہے۔