اکستان کی قومی اسمبلی نے جمعرات کو ایک ہی دن میں بغیر کورم پورا کئے 29 بل منظور کئے۔ یہ بل منظور کئے جانے کے وقت حکمران اتحاد سے تعلق رکھنے والے صرف 15 اراکین اسمبلی ایوان میں موجود تھے۔
’ٹربیون‘ کے مطابق سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو، ایجنڈے میں 36 بل شامل تھے۔ صرف ایک گھنٹہ کی کارروائی کے دوران ایوان نے ان میں سے 29 بل منظور کر لئے۔ ممبران اسمبلی نے یہ بل پڑھنے کی زحمت بھی نہیں کی۔
29 بلوں میں سے 24 بل نئی یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے قیام سے متعلق تھے۔ نئی یونیورسٹیوں کے قیام کیلئے جو بل پیش کئے گئے، ان میں سے اٹھارہ کو قومی اسمبلی کی متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے حوالے کئے بغیر منظوری دے دی گئی۔