کرکٹ ورلڈ کپ، پاکستان کے خلاف جیت پر طالبان نے افغان ٹیم کو مبارک باد پیش کی

0
50

بھارت میں کھیلے جارہے ورلڈ کپ کرکٹ کے مقابلوں میں پہلے دفاعی چیمپیئن انگلینڈ اور پھر گزشتہ روز پاکستان کو شکست دے کر افغان کرکٹ ٹیم نے ایک اور بڑا اپ سیٹ کردیا۔ جس پر نہ صرف افغانستان اور بھارت بلکہ پاکستان کے معروف کھلاڑی بھی افغان ٹیم کی کارکردگی کی تعریفیں کررہے ہیں۔ دوسری طرف پاکستانی شائقین اپنی ٹیم کے خلاف سوشل میڈیا پر ناراضگی اور غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔

اس دوران افغانستان کی حکمراں طالبان نے بھی ملکی کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔

کابل پولیس کے ترجمان اور طالبان رہنما خالد زدران نے ایک ٹویٹ میں کہا، “ہماری قومی کرکٹ ٹیم نے تاریخی فتح حاصل کی ہے۔ ہم نے ایسی فتح حاصل کی جسے بہت سے لوگوں نے ناممکن قرار دیا تھا۔”

انہوں نے افغان ٹیم کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مزید کہا،” افغانستان کی اس فتح کا کچھ لوگوں کے لیے خاص پیغام ہے کہ ہم حریف نہیں ہیں اور ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہمیں دیکھو، لیکن ہمیں پریشان مت کرو۔”

افغانستان میں طالبان حکومت کے وزیر اعظم دفتر کے چیف آف اسٹاف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں افغان کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا، “افغانستان کی قومی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو ہرا دیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم، کرکٹ بورڈ اور تمام افغان شہریوں کو اس فتح کی مبارک باد۔”

افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے ایکس پر لکھا،” ٹیم کو پچاس اوور کے مقابلے میں پاکستان پر فتح کی مبارک باد۔ میں اگلے میچوں کے لیے آپ کو مبارک باد دیتا ہوں۔”

افغانستان کے کرکٹر محمد نبی نے فتح کے جشن کا ایک ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا،” مبارک باد! ہماری ٹیم کو اس جیت کا طویل عرصے سے انتظار تھا۔ ہماری جیت ہماری اسکل اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔”

افغانستان کے نیوز چینل طلوع نے ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں کابل اور خوست کی سڑکوں پر بڑی تعداد میں لوگ جشن مناتے نظر آرہے ہیں۔ افغان کرکٹ بورڈ نے بھی ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے جس میں کابل میں لوگ جیت کاجشن منارہے ہیں۔ ویڈیو میں کئی بچیاں “زندہ باد، زندہ باد، افغانستان زندہ باد” کے نعرے لگاتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔

بھارت میں بھی افغان شہریوں کا جشن مناتے اور رقص کرتے ہوئے ویڈیوز سوشل میڈیا پر نظر آرہے ہیں۔

افغانستان نے ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کو پہلی بار ہرایا ہے۔ اس سے قبل پاکستان کے ساتھ کھیلے گئے تمام سات یک روزہ میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان کو شکست دینے کے بعد افغانستان اس ورلڈ کپ میں چھٹے نمبر پر آگیا ہے جب کہ سابقہ ورلڈ چیمپیئن انگلینڈ سب سے نیچے یعنی دسویں نمبر پر چلا گیا ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں