پاکستان کے ضلع خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں گاڑیوں کے ایک قافلے پر ہونے والے خود کش حملے میں پانچ چینی انجینئرز سمیت چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ قافلہ چینی انجینئرز کو لے کر داسو ڈیم جا رہا تھا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق انجینئرز اور دیگر عملے پر مشتمل کئی گاڑیوں کا قافلہ اسلام آباد سے کوہستان جا رہا تھا کہ بشام کے قریب قراقرم ہائی وے پر اس کے قریب دھماکہ ہوا۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ریجنل پولیس افسر (آر پی او) محمد علی گنڈا پور نے بتایا کہ چینی باشندوں کی گاڑی کے قریب ایک بارودی کار کے ذریعے دھماکہ ہوا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دھماکے میں پانچ چینی باشندے ہلاک ہوئے ہیں۔
بشام پولیس اسٹیشن میں موجود ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ 12 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ داسو ڈیم کی طرف جا رہا تھا کہ ایک بارود سے بھری گاڑی قافلے سے ٹکرائی جس سے ایک گاڑی میں سوار چینی انجینئرز ہلاک ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق دھماکے میں ایک مقامی باشندے کی موت بھی ہوئی ہے۔
آر پی او محمد علی گنڈا پور کا کہنا تھا کہ دھماکے میں چینی باشندوں کے ڈرائیور کی بھی ہلاکت ہوئی ہے جو کہ مقامی شہری تھا۔