ایئر ہوسٹس سے اداکاری کی دُنیا میں انٹری دینے والی بھارتی اداکارہ نور مالابیکا داس نے پھندہ لگا کر خودکشی کرلی۔
میڈیا کے مطابق 32 سالہ اداکارہ نور مالابیکا داس نے 6 جون کو ممبئی میں اپنا رہائش گاہ پر خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق پولیس نے 8 جون کو پڑوسیوں کی شکایت کے بعد اداکارہ کے فلیٹ کا دروازہ توڑا تو اداکارہ کو مردہ حالت میں پایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے حادثاتی موت کی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے جب کہ فوری طور پر اس بات کا تعین نہیں کیا جا سکا کہ اداکارہ نے کن وجوہات کی بنا پر خودکشی کی۔
پولیس نے اداکارہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی تھی جس کے بعد اُن کی آخری رسومات ادا کردی گئی ہیں لیکن اداکارہ کے اہلخانہ اپنی بیٹی کی آخری رسومات میں شامل نہیں ہوئے۔
پڑوسیوں نے پولیس کو بتایا کہ گزشتہ ماہ مئی تک نور مالابیکا داس کے اہلخانہ، اسی اپارٹمنٹ میں مقیم تھے اور اداکارہ کی خودکشی سے قبل وہ واپس اپنے گاؤں چلے گئے تھے۔
واضح رہے کہ 32 سالہ اداکارہ کا تعلق آسام سے تھا، اداکارہ بننے سے پہلے وہ قطر ایئرویز کے ساتھ بطورِ ایئر ہوسٹس کام کرتی تھیں۔
انہوں نے چند فلموں اور ویب سیریز میں اداکاری کی، جن میں ‘دی ٹرائل’، ‘سسکیان’، ‘واکمان’، ‘تیکھی چٹنی’، ‘جگھنیا اپایا’، ‘چرم سکھ’، ‘دیکھی آندھی’ اور ‘بیکروڈ ہسٹلے’ شامل ہیں۔