امریکہ کے واشنگٹن ڈی سی میں صدر ڈونالڈٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے کیپیٹل ہل کے محاصرے کے بعد عمارت کو محفوظ بنا دیا گیا ہے جبکہ گولی لگنے سے ایک خاتون سمیت چار افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ہنگامہ آرائی کے الزام میں50سے زیادہ افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے جس کے بعد واشنگٹن ڈی سی میں کرفیو کا نفاذ عمل میں لایا گیا۔اس سے پہلے امریکی صدر ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر حالیہ صدارتی انتخابات میں بے ضابطگیوں کا الزام دہراتے ہوئے اپنے حامی مظاہرین سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنے گھروں کو لوٹ جائیں۔نومنتخب صدر جو بائیڈن نے کیپیٹل ہل کا محاصرہ ختم کروانے کے لیے صدر ٹرمپ سے ٹی وی پر خطاب کرنے کو کہا۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نائب صدر مائیک پنس کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور سیکورٹی فورسز نے کیپیٹل ہل کی عمارت کو خالی کرالیا ہے۔ان پرتشدد واقعات کی وجہ سے امریکی کانگریس کا وہ مشترکہ اجلاس روک دیا گیا جس کا مقصد جو بائیڈن کی الیکٹورل کالج میں فتح کی باقاعدہ توثیق کرنا تھا۔