آگرہ میں بس اور پک اپ ٹرک کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم میں 17 افراد لقمہ اجل بنے، مرنے والوں میں سے 14 کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
اندوہناک حادثے میں مرنے والوں میں 4 بچے، 4 خواتین اور9 مرد شامل ہیں۔ حادثے میں 16مسافر زخمی ہوئے، ایک ہی گھر میں 14 افراد کی موت پر علاقے میں کہرام مچ گیا، ہر آنکھ اشکبار تھی۔
ساسنی سے آنے والے بدقسمت خاندان کی گاڑی کو تیز رفتاری کے باعث ہاتھرس کے مقام پر حادثہ پیش آیا، اتنی بڑی تعداد میں ہلاک اور زخمیوں کو دیکھ کر وہاں موجود لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
بس اور پک اپ کے درمیان تصادم اس قدر شدید تھا کہ زور دار دھماکے جیسی آواز سنائی دی جس کے بعد جائے حادثہ چیخ پکار سے مچ گئی۔
مقامی لوگوں کی مدد سے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو مقامی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے17 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔
بعد ازاں 14 افراد کی لاشیں آگرہ کے کھنڈولی علاقے کے سیمرا گاؤں پہنچیں تو فضا سوگوار ہوگئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مذکورہ حادثے میں 5 بھائیوں کا خاندان ایک ساتھ ختم ہوگیا۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے مرنے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کو وزیر اعظم ریلیف فنڈ سے بھاری معاوضے دینے کا اعلان کیا ہے۔