بنگلہ دیش کی آزادی کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی بنگلہ دیش پہنچ گئے۔
کورونا وبا شروع ہونے کے بعد سے وزیر اعظم نریندر مودی جب اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر جمعہ 26مارچ کو ڈھاکہ پہنچنے تو بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے ان کا خیر مقدم کیا۔ مودی دو روزہ دورے کے دوران بنگلہ دیش کی آزادی کی گولڈن جوبلی تقریبات اور ‘بنگ بندھو‘ شیخ مجیب الرحمان کی صد سالہ سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے علاوہ اورکانڈی ٹھاکر باڑی کا بھی دورہ کریں گے۔ جو متوا بنگالیوں کے روحانی پیشوا گرو ہری چند ٹھاکر کی جائے پیدائش ہے۔ متوا بنگالی مغربی بنگال کے الیکشن میں اہم عنصر ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے ڈھاکہ روانگی سے قبل ایک ٹوئٹ کر کے کہا،”میں بالخصوص اورکانڈی میں متوا کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات کرنے کا متمنی ہوں، جہاں سے شری شری ہری چندر ٹھاکر جی نے اپنا مقدس پیغام دیا تھا۔” انہوں نے ڈھاکہ سے شائع ہونے والے اخبار ڈیلی اسٹار میں شائع اپنے مضمون کا لنک بھی شیئر کیا ہے۔
مودی نے کہا کہ وہ شیخ حسینہ کے والد بنگ بندھو کے نام سے مشہور بنگلہ دیش کے پہلے وزیر اعظم شیخ مجیب الرحمان کی قبر پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ٹنگی پاڑہ بھی جائیں گے۔