فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان کی رکنیت معطل کر دی

0
144

فٹبال کے بین الاقوامی نگراں ادارے فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے معاملات میں ’بیرونی مداخلت‘ پر پاکستان کی رکنیت معطل کر دی گئی ہے۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی کی وجہ ’پی ایف ایف ہیڈ کوارٹر‘ پر قبضہ بنی۔ فیفا کا کہنا ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کو اختیارات کی واپسی تک پاکستان کی رکنیت معطل رہے گی۔

فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی کا سبب یہ بتایا ہے کہ کسی بھی قسم کی بیرونی مداخلت فیفا قواعد وضوابط کے تحت قابل قبول نہیں ہے۔

فیفا کا کہنا ہے کہ پاکستان فٹبال ہیڈ کوارٹر پر قبضہ فیفا کے قواعد وضوابط کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

پاکستان کی فٹبال پچھلے دنوں اس وقت نئے تنازع سے دوچار ہوئی جب پاکستان فٹبال فیڈریشن سے وابستہ ایک گروپ نے، جس کے سربراہ اشفاق حسین شاہ ہیں، لاہور میں پاکستان فٹبال ہاؤس کا کنٹرول حاصل کر کے فیفا کی مقرر کردہ نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ ہارون ملک کو وہاں سے باہر کر دیا اور فٹبال کے معاملات خود سنبھال لیے۔

فیفا نے واضح کر دیا ہے کہ یہ معطلی اس وقت ختم کی جائے گی جب اس کی مقرر کردہ نارملائزیشن کمیٹی تحریری طور پر اسے مطلع کرے گی کہ ہیڈکوارٹر کا انتظام، اکاؤنٹس اور رابطے کے تمام ذرائع اس کے (کمیٹی) حوالے کیے جا چکے ہیں۔

خیال رہے کہ فیفا نے پاکستانی فٹبال میں گذشتہ دنوں پیدا ہونے والے تنازع کے بعد پاکستان فٹبال ہیڈ کوارٹر پر ’قبضہ‘ ختم کرنے کے لیے 31 مارچ کو آٹھ بجے شب کی ڈیڈ لائن دی تھی اور یہ واضح کر دیا تھا کہ اگر اسے خالی کر کے فیفا کی مقرر کردہ نارملائزیشن کمیٹی کے حوالے نہ کیا گیا تو پھر فیفا کے قواعد و ضوابط کے تحت اس معاملے کو دیکھا جائے گا جس میں رکنیت کی معطلی قابل ذکر ہے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں