پاکستان: دو مسافر ٹرینوں میں تصادم، 35 افراد ہلاک

0
71

پاکستان کے صوبہ سندھ میں گھوٹکی کے قریب سرسید ایکسپریس اور ملت ایکسپریس میں تصادم میں کم از کم 35 افراد ہلاک اور 50 مسافر زخمی ہو گئے ہیں جبکہ متعدد تاحال بوگیوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق شدید زخمی مسافروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ بوگیوں میں پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

یہ حادثہ علی الصبح گھوٹکی کے نزدیک ریتی اور اوباڑو کے ریلوے سٹیشن کے درمیان پیش آیا۔ حادثے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا جبکہ سرسید ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی جا رہی تھی۔ حادثے میں ملت ایکسپریس کی آٹھ اور سرسید ایکسپریس کی انجن سمیت تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں جبکہ کچھ بوگیاں کھائی میں جا گریں۔

ڈی آئی جی سکھر فدا حسین مستوئی نے 35 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے اس خدشے کا اظہار کیا کہ پھنسی ہوئی بوگیوں میں مزید لاشیں اور زخمی ہو سکتے ہیں تاہم انھوں نے بتایا کہ ہیوی مشینری آ چکی ہے اور کٹرز کی مدد سے بوگیوں کو کاٹا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں حالیہ برسوں میں ریلوے کے متعدد حادثات رونما ہوتے رہے ہیں اور ان میں متعدد افراد کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

اس سال مارچ میں کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس روہڑی شہر کے نزدیک پٹڑی سے اتر گئی جس کے نتیجے میں 35 افراد زخمی اور کم از کم ایک شخص کی ہلاکت ہوئی تھی۔

گذشتہ برس فروری میں پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر روہڑی میں کراچی سے لاہور جانے والی پاکستان ایکسپریس اور ایک بس کے درمیان تصادم میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس سے قبل نومبر 2019 میں پاکستان میں صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی کے حادثے میں کم از کم 74 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں