پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی صورت مستعفی نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’عدم اعتماد والا میچ ہم جیتیں گے، اپوزیشن کو بہت بڑا سرپرائز دینے والے ہیں‘۔زیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’اپوزیشن کو بہت بڑا سرپرائز دینے والے ہیں، ان کو خود نہیں پتا ان کے ساتھ ان کے کتنے لوگ رہ جائیں گے۔‘
اس کے علاوہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ 27 مارچ کا جلسہ تاریخی ہو گا۔خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد دائر کر رکھی ہے جس پر قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو بلوایا گیا ہے۔اپوزیشن جماعتوں کا دعویٰ ہے کہ وزیراعظم عمران خان عددی اکثریت کھو چکے ہیں۔
تاہم عمران خان نے کہا ہے کہ ’کسی صورت استعفیٰ نہیں دوں گا‘۔ انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ’کسی کو غلط فہمی ہو سکتی ہے کہ گھر بیٹھ جاؤں گا۔‘انھوں نے کہا کہ ’کیا لڑائی سے پہلے ہاتھ کھڑے کردوں‘۔
انھوں نے اپوزیشن جماعتوں کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ’ن لیگ اور پی پی کی سیاست چوری اور چوری چھپانا ہے، کیا چوروں کے دباؤ پر استعفیٰ دے دوں۔‘عمران خان نے کہا کہ فوج کو غلط تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کے لیے فوج کو بدنام نہ کیا جائے۔
23 مارچ کی پریڈ کے بعد وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ’اگر پاکستان فوج نہ ہو تو ملک تین حصوں میں تقسیم ہو جائے، افواجِ پاکستان، ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے، فوج کو غلط تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ مضبوط فوج ملک کی ضرورت ہے۔‘