مقبوضہ بلوچستان کے علاقے کولواہ میں فوجی جارحیت میں پاکستانی فورسز کے ہاتھوں ضعیف العمر شخص کے قتل اور دو بھائیوں سمیت تین افراد کے جبری گمشدگی کی اطلاعات ہیں۔ جبکہ ضلع خضدار سے دو نوجوان فورسز نے لاپتہ کر دئیے۔
مقامی لوگوں کے مطابق کولواہ کے شمالی پہاڑی علاقوں میں جاری فوجی آپریشن کے دوران فورسز نے اللہ داد ولد ابراہیم نامی ضعیف العمر شخص کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا ہے، جس سے مذکورہ شخص جانبر نہ ہوسکا ہے۔ذرائع کے مطابق دوران آپریشن فورسز نے دو بھائیوں سمیت تین افراد کو جبری گمشدگی کا شکار بناکر نامعلوم مقام منتقل کردیا۔ جنکی شناخت کٹو ولد بابیک، سنجر ولد بشام اور صدام ولد بشام کے ناموں سے ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق دوران آپریشن جانبحق ہونے والے اللہ داد کی نعش کو گذشتہ روز فورسز نے گیشکور لیویز کے حوالے کیا، جبکہ اس کے مال مویشیوں کو فورسز نے اپنے تحویل میں لے کر تنزلہ کے مقام پر قائم فورسز کے کیمپ منتقل کردیا ہے۔
مقبوضہ بلوچستان کے ضلع خضدار سے پاکستانی فورسز و خفیہ اداروں نے دو نوجوانوں کو گذشتہ روز انکے گھر سے جبری لاپتہ کردیا۔
گذشتہ روز خضدار میں کھنڈ کے علاقے سے پاکستانی فورسز و خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے خالد ولد محمد حسن اور آصف ولد عبداللہ کو اْن کے گھر سے دو بجے کے وقت حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جس کے بعد ان کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکی ہے۔