رپورٹ کے مطابق، الفرات نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ کربلا میں روضہ مبارک حضرت عباس کی طرف اس سال اربعین کی مشی میں شرکت کرنے والے زائرین کی تعداد کا اعلان کیا گیا ہے۔
روضہ حضرت عباس کی تولیت کی جانب سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق امسال 22 میلین(دو کروڑ بیس لاکھ) 19 ہزار 146 افراد نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ اربعین حسینی کے زائرین کی گنتی کا عمل الیکٹرانک سسٹم کے حامل معیاری کیمروں کے ذریعے انجام پاتا ہے۔ یہ کیمرے کربلا شہر کے داخلی راستوں پر زائرین کی درست گنتی کے ہدف کے تحت نصب کئے جاتے ہیں۔
روضہ مبارک حضرت عباس کی تولیت کے کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونٹ کے سربراہ فراس عباس حمزہ نے اس سلسلے میں کہا: یہ نظام اس لیے پیچیدہ ہے کہ زائرین کی گنتی ایک شماریاتی عمل ہے، لیکن گزشتہ برسوں کی سرگرمیوں کے مطابق، حرم حضرت عباس کی تولیت کو اس شعبے میں رضیاتی ماڈل کا قابل اعتماد تجربہ حاصل ہوا ہے۔
اربعین کے اختتام پر روضے کے متولی سید احمد الصفی کے حکم کے مطابق 20 صفر کو دوپہر 12 بجے سے الیکٹرانک گنتی کا نظام بند کر دیا جاتا ہے اور کربلا میں داخل ہونے والے زائرین کی مجموعی تعداد کے اعداد و شمار جاری کئے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زائرین کی گنتی کا عمل نئی ٹیکنالوجی اور الیکٹرانک سسٹم کے ذریعے اس شعبے میں مہارت رکھنے والی تکنیکی ٹیم کی نگرانی میں انجام پاتا ہے جو اس تکنیکی نظام کے ساتھ کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتی ہے۔