غزہ میں 15ہزار 900 فلسطینی جاں بحق، اسرائیلی فوج نے خان یونس کا محاصرہ کر لیا

0
27

اسرائیلی فوج نے غزہ میں اب کی سب سے بڑی زمینی کارروائی کرتے ہوئے جنوبی شہر خان یونس کا محاصرہ کر لیا ہے اور اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی فضائی اور زمینی کارروائیوں میں جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 15 ہزار 900 ہو گئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران کی گئی سب سے بڑی زمینی کارروائی ہے اور جاں بحق اور زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ہسپتالوں کو علاج میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اسرائیلی فوج جنگی طیاروں کی فضائی کارروائی کی مدد سے تیزی سے آگے بڑھتی جا رہی ہے اور اس نے غزہ کے جنوب میں واقع شہر خان یونس کا محاصرہ کر لیا ہے۔

اسرائیلی فوج کی جنوبی کمانڈ کے کمانڈر یارون فنکلمین نے یروشلم میں کہا کہ زمینی کارروائی کے آغاز کے بعد سے ہم آج سب سے سخت دن کا سامنا کررہے ہیں، اسرائیلی فورسز جبالیہ اور شجائیہ میں بھی لڑ رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جبالیہ کے قلب میں موجود ہیں، شجائیہ کے قلب میں موجود ہیں اور اب خان یونس کے بھی قلب تک پہنچ چکے ہیں۔

خان یونس کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج اور ٹینک سرحد پر لگی باڑ کو توڑ کر آگے نکل آئے ہیں اور شدید لڑائی جاری ہے۔

اس کارروائی سے قبل اسرائیلی فوج نے علاقے کے شہریوں کو وہاں سے نکلنے جانے کا حکم دیا تھا اور منگل کو کارروائی سے عین قبل فضا سے پھینکے گئے پمفلٹ کے ذریعے عوام کو حکم دیا کہ وہ اس کارروائی کے دوران اپنے گھروں تک محدود رہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں