تحریک انصاف کے سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری عدنان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا

0
66

راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف (پی آٹی آئی) کے سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری عدنان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

چوہدری عدنان کی گاڑی پر فائرنگ راولپنڈی کینٹ میں پولیس لائنز کے دفتر کے عین سامنے کی گئی۔

پولیس نے بتایا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ اس وقت کی جب چوہدری عدنان کی گاڑی ٹریفک سگنل پر رُکی ہوئی تھی۔

فائرنگ سے چوہدری عدنان کے چہرے پر لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی جبکہ واقعے میں ان کے ڈرائیور زاہد حفیظ زخمی بھی ہوئے۔

مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کی گئی جبکہ زخمی ڈرائیور کو بھی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سول لائنز کے علاقے میں فائرنگ کے واقعے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی پوٹھوہار کو واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے تاہم اس کی تمام زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ چوہدری عدنان 2018 میں راولپنڈی سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 11 سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

تاہم 9 مئی کے واقعات کے بعد پارٹی سے علیحدگی کے باعث وہ حالیہ الیکشن میں آزاد حیثیت میں میدان میں اترے تھے۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں